عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبا کا جشن

حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کی 80,039 ملازمتوں پر تقرری کے لئے آج نوٹیفکیشن جاری کرنے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے ریاستی اسمبلی میں اعلان پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ نے جشن منایا۔

طلبا ریلی کی شکل میں عثمانیہ یونیورسٹی کے آرٹس کالج پہنچے جہاں انہوں نے چیف منسٹر کے اس اہم اعلان کا استقبال کیا اور جشن منایا۔

جشن منانے والوں میں ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی طلبہ تنظیم ٹی آرایس وی سے وابستہ ارکان بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر نے بے روزگار نوجوانوں کے دیرینہ خواب کی تکمیل کی ہے۔

طلبا نے ان کے اس اعلان کو فال نیک قراردیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ طلبا کو اس اعلامیہ سے فائدہ پہنچے گا۔ان طلبا نے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کی تصویر کے ساتھ ٹی آرایس اورکے سی آر کے حق میں نعرے لگائے۔

دریں اثناء ٹی آرایس کے لیڈروں اورکارکنوں نے شہرحیدرآباد کے سعیدآباد میں بھی جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔

Back to top button