عمران، فٹ رہے تو ٹیم کیلئے طویل عرصہ تک کھیل سکتے ہیں: گنگولی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے رفتار کے بادشاہ اور اپنی بولنگ سے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں تہلکہ مچانے والے بولر عمران ملک کی تعریف کی ہے۔

ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے رفتار کے بادشاہ اور اپنی بولنگ سے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں تہلکہ مچانے والے بولر عمران ملک کی تعریف کی ہے۔

یہ سیزن عمران ملک کیلئے کسی خواب سے کم نہیں رہا۔ اس سیزن میں انہوں نے 14 میچوں میں 9.03 کی اکانومی سے 22 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہی نہیں یہ ان کی کارکردگی کا ہی نتیجہ ہے کہ جب سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میاچس کی سیریز کیلئے ٹیم کا انتخاب کیا تو وہ عمران کا نام نہ چھوڑ سکے اور 18 رکنی ٹیم میں جگہ مل گئی۔

بی سی سی آئی کے سربراہ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اگر وہ خود کو فٹ رکھنے کا انتظام کرتے ہیں تو وہ ہندوستان کیلئے طویل عرصے تک کھیل سکتے ہیں۔ آج گنگولی نے کہاکہ ان کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے، اگر وہ فٹ رہے اور اسی رفتار سے بولنگ کرتے رہے تو مجھے یقین ہے کہ وہ طویل عرصے تک کھیلتے رہیں گے۔

گنگولی نے کہاکہ بہت سے لوگوں نے اس آئی پی ایل میں اچھا کھیلا ہے۔ تلک (ورما) نے ممبئی انڈینز کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ سن رائزرز کیلئے راہول (ترپاٹھی)، گجرات ٹائٹنز کیلئے تیوتیا۔ ہم نے عمران ملک جیسے بہت سے ابھرتے ہوئے تیز گیند بازوں کو دیکھا ہے جن میں محسن خان، ارشدیپ سنگھ اور اویش خان شامل ہیں۔

یہ وہ جگہ ہے جہاں ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاتاہے۔ تاہم بعض کھلاڑیوں کے اخراج کے بعد بھی کئی سوالات نے جنم لیا ہے۔ حیدرآباد کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے راہول ترپاٹھی کو اس سیریز میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ترپاٹھی کی بلے بازی کو دیکھ کر سابق کوچ روی شاستری نے کہا تھاکہ انہیں جلد ہی ٹیم انڈیا سے کال مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کے ایل راہول کو ہندوستان کا کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو نائب کپتان بنایا گیاہے۔ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی جیسے سینئر کھلاڑیوں کو اس ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آرام دیا گیاہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button