عوام کا انتظار ختم : بہادرپورہ فلائی اوور کا کام مکمل، جاریہ ہفتہ افتتاح متوقع

اس فلائی اوور کی تعمیر کے بعد پرانا پُل تک جانے والی ٹریفک جام میں کمی واقع ہوگی۔تعمیر پر 107.47کروڑروپئے کا خرچ ہوا۔ سیول ورکس کے لئے 44کروڑروپئے ہی صرف ہوئے تاہم اضافی 60 کروڑروپئے کی رقم حصول اراضی اور دیگر مقاصد کیلئے خرچ کئے گئے۔

حیدرآباد: پرانا شہر حیدرآباد کے بہادرپورہ فلائی اوور کا کام مکمل ہوگیا ہے اور جاریہ ہفتہ اس کا افتتاح متوقع ہے جس کے لئے عہدیدار تیاری کررہے ہیں۔690میٹرطویل،13ستون والے اس فلائی اوور کی شدت محسوس کی جارہی تھی کیونکہ اس روٹ پر بھاری ٹریفک ہوتی ہے۔گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کے ایس ای عہدیدار، دتوپنتولو نے کہا کہ بہادرپورہ فلائی اووربریج اسٹریٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان(ایس آرڈی پی)مرحلہ اول کے حصہ کے طورپر تعمیر کیاگیا ہے۔

نومبر2018میں اس کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا تھا۔اس کی تعمیر کی شروعات میں کئی قسم کی مشکلات جیسے حصول اراضی اوردیگر مسائل کا سامنا کرناپڑا جس کی وجہ سے اس فلائی اوور کی تعمیر میں تاخیر ہوئی۔کورونا کی وجہ سے بھی بعض مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔یہ چھ لین والا فلائی اوور ہے۔اس فلائی اوور کی تعمیر سے پہلے بہادرپورہ جنکشن کے قریب سگنل ہوا کرتاتھا جس کے نتیجہ میں زو پارک اور پرانا پل جانے والی روٹ پر بھاری ٹریفک جام ہوجایاکرتی تھی۔

اس فلائی اوور کی تعمیر کے بعد پرانا پُل تک جانے والی ٹریفک جام میں کمی واقع ہوگی۔اس فلائی اوور کی تعمیر پر 107.47کروڑروپئے کا صرفہ عائد ہوا۔سیول ورکس کے لئے 44کروڑروپئے ہی صرف ہوئے تاہم اضافی 60کروڑروپئے کی رقم حصول اراضی اور دیگر مقاصد کیلئے خرچ کئے گئے۔اندرون ایک ہفتہ اس فلائی اوور کے افتتاح کی انہیں امید ہے۔انہوں نے کہاکہ زوپارک سے آرام گھر تک 4.04 کلومیٹرایلی ویٹیڈ کاریڈار کی تعمیر کی جائے گی۔

پرانا شہرحیدرآباد میں ایس آرڈی پی کے تحت تقریبا 8پروجیکٹس کی شروعات کی گئی ہے۔ان میں ایک انڈرپاس،دو آراوبیزاور پانچ فلائی اوورس ہیں۔ان میں سے اب تک دو مکمل ہوگئے ہیں۔ایک اپوگوڑہ کے قریب کے انڈرپاس،اویسی جنکشن کے قریب فلائی اوورکی تکمیل ہوگئی ہے اور اب اس پروجیکٹ میں شامل تیسرا، بہادرپورہ فلائی اوور مکمل کرلیاگیاہے۔مزید پانچ مختلف مراحل میں ہیں، ان میں دو آراوبیز شامل ہیں۔ایک آراوبی فلک نما کے قریب اوردوسراشاستری پورم آراوبی شامل ہے۔

نلگنڈہ چوراہا سے اویسی جنکشن کے قریب تک اور زوپارک سے لے کر آرام گھر تک اورچندرائن گٹہ کے موجودہ فلائی اوور کی توسیع کے کام مئی میں شروع کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔جون کے اواخر تک چار فلائی اوورس کی تعمیرکا کام مکمل کرلیاجائے گا۔بقیہ چارفلائی اوورس کی تکمیل آئندہ سال تک کرلی جائے گی۔ان فلائی اوورس سے ٹریفک کی مشکلات میں کمی کی توقع ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ بہادرپورہ فلائی اوور کی تعمیر سال 2035تک ٹریفک میں اضافہ کو خیال میں رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button