حیدرآباد

پیٹ بشیرآباد کی اراضی جرنلسٹس سوسائٹی کو دلانے کی استدعا

جواہر لال نہرو جرنلسٹ ہاؤزنگ سوسائٹی کے ارکان نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ ارکان نے 4 سال بہ حیثیت گورنر کی میعاد مکمل کرنے پر تمیلی سائی کو مبارکباد دی۔

حیدرآباد: جواہر لال نہرو جرنلسٹ ہاؤزنگ سوسائٹی کے ارکان نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ ارکان نے 4 سال بہ حیثیت گورنر کی میعاد مکمل کرنے پر تمیلی سائی کو مبارکباد دی۔

متعلقہ خبریں
تمام مستحق صحافیوں کو امکنہ اراضی فراہم کرنے چیف منسٹر کا تیقن
حصول تلنگانہ میں صحافیوں کے رول کے چیف منسٹر بھی معترف : کویتا

انہوں نے گورنر کو ایک یادداشت حوالے کی۔ ارکان نے گورنر کو واقف کروایا کہ سپریم کورٹ کی جانب 26 اگست 2022 کو نظام پیٹ کی 32 ایکڑ اراضی اور پیٹ بشیرآباد کی 38 ایکڑ جملہ 70 ایکڑ اراضی جے این جے ہاوزنگ سوسائٹی کو حوالے کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔

حکومت نے ایک سال کے دوران صرف نظام پیٹ کی 32 ایکڑ اراضی سوسائٹی کے حوالے کی ہے جبکہ ماباقی 38 ایکڑ اراضی پیٹ بشیرآباد میں واقع ہے‘ اسے سوسائٹی کو حوالے کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔

اس سلسلہ میں سوسائٹی نے چیف منسٹر کے سی آر‘ چیف سکریٹری ودیگر عہدیداروں سے ربط قائم کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر کو ہدایت دیں کہ وہ فوری جے این جے ہاوزنگ سوسائٹی کو 38 ایکڑ اراضی حوالے کریں۔

انہوں نے کہا کہ 1100 صحافی 15 سال قبل سابق کانگریس کے دور حکومت میں جملہ 12.33 کروڑ روپے ادا کرکے اس اراضی کو خریدا تھا۔ اب تک 60 سے زیادہ صحافی فوت ہوگئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو جلد اراضی سوسائٹی کے حوالے کرنے توجہ دلائیں گی۔ اس وفد میں پی وی رمنا راؤ‘ اشوک ریڈی‘ ناگابھوشنم‘ پی سرینواس کے علاوہ دیگر موجود تھے۔