مشرق وسطیٰ

مسجد الحرام میں معذور افراد کی سہولت کیلئے غیر معمولی اقدامات

صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے مسجد حرام میں معذور زائرین، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی سہولت کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں معذور افراد کی سہولت کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جس کے سبب معذور افراد کو بڑی سہولیات میسر آرہی ہیں۔

متعلقہ خبریں
مسجد الحرام میں تراویح اور ختم قرآن 2.5 ملین افراد شریک

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے مسجد حرام میں معذور زائرین، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی سہولت کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔

مسجد الحرام میں معذور افراد کی نقل وحرکت، ان کی صحت اور عبادات کی ادائی کے لیے انہیں بہترین خدمات فراہم کی گئی ہیں۔

معذور افراد کے لیے مختص ہالوں میں صحت وصفائی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، سہولیات کی فراہمی کے نتیجے میں مسجد حرام کے صحنوں اور نماز کے ہالوں میں معذور زائرین سہولت کے ساتھ عبادت میں مصروف رہتے ہیں۔

ان جگہوں پر جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے وقفے وقفے سے جراثیم کش اسپرے کیا جاتا ہے جب کہ معذور نمازیوں کی آسانی کے لیے ان تک مشروبات اور زم زم کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

معذور خواتین کے لیے 3 ہال مختص کئے گئے ہیں، جبکہ یہ تینوں ہال شاہ فہد توسیعی حصے میں واقع ہیں۔ گیٹ 88 گراؤنڈ فلور پر اور گیٹ 65 سے پہلی منزل پر اور مصلیٰ میں کنگ فہد توسیع میں گیٹ 15 سے ان ہالوں میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔

معذوری میں مبتلا مرد زائرین کے لیے کنگ فہد ایکسپینشن میں تین ہال مختص کئے گئے ہیں، ایک ہال پہلی منزل کے گیٹ 91 کے سامنے، فرسٹ فلور کے شبیکہ پل کے سامنے گیٹ 68، گراؤنڈ فلور گیٹ 68 سے معذور زائرین ان ہالوں میں داخل ہوسکتے ہیں۔

دستی گاڑیاں جو کہ مسجد الحرام سے صحن مطاف تک آتی ہیں ان کے لئے اہم راستوں کو مختص کیا گیا ہے، جن میں پہلا اجیاد پل ہے، جو مغربی صحن میں واقع ہے۔ یہ مطاف کی پہلی منزل کی طرف جاتا ہے۔ور دوسرا راستہ گیٹ 64 کے ساتھ والے شبیکہ پل سے ہوتے ہوئے مشرقی صحنوں سے مروہ کی طرف جاتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ دروازے مسجدالحرام کے مختلف حصوں میں واقع ہیں جن میں مرکزی دروازے اور اندرونی دروازے ہیں۔ بصارت سے محروم زائرین کو بریل کی مدد سے مسجد حرام میں نقل وحرکت کی راہ نمائی کی جاتی ہے۔

سعودی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کہ آنے والے زائرین کو بہترین خدمات فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔