بھارتسوشیل میڈیاصحت

Cough syrup deaths : نوئیڈا کی فارما کمپنی میں کھانسی کی دوا کی تیاری بند

مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے جمعہ کے دن کہا کہ کھانسی کی دوا Dok-1 Max میں ملاوٹ کی خبروں کے مدنظر میریون بائیوٹیک نوئیڈا یونٹ میں کام بند ہوگیا ہے۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے جمعہ کے دن کہا کہ کھانسی کی دوا Dok-1 Max میں ملاوٹ کی خبروں کے مدنظر میریون بائیوٹیک نوئیڈا یونٹ میں کام بند ہوگیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ازبکستان میں کھانسی کے اس سیرپ کی وجہ سے 18 بچوں کی مبینہ موت کے سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ نوئیڈا یونٹ میں کل رات سے دوائیں بنانے کا کام روک دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ازبک عہدیدار جمعرات کی رات ہندوستان پہنچ گئے۔ کمپنی کے قانونی نمائندہ نے جمعرات کے دن کہا تھا کہ Dok-1 Max کی تیاری فی الحال روک دی گئی ہے۔ حکومت ِ اترپردیش کے ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ میریون بائیوٹیک کھانسی کی یہ دوا ہندوستان میں فروخت نہیں کرتی۔

وہ اسے صرف ازبکستان کو برآمد کرتی ہے۔ منڈاویہ نے کل کہا تھا کہ کھانسی کی دوا کے نمونے کمپنی کے نوئیڈا یونٹ سے لے کر ریجنل ڈرگس ٹسٹنگ لیباریٹری (آر ڈی ٹی ایل) چندی گڑھ بھیج دیئے گئے۔

سنٹرل ڈرگس اسٹانڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن(سی ڈی ایس سی او) 27 دسمبر سے اس سلسلہ میں ازبکستان کے ڈرگ ریگولیٹر سے مسلسل ربط میں ہے۔ وزارت ِ خارجہ کہہ چکی ہے کہ ہندوستان‘ ازبک حکام سے رابطہ میں ہے۔

وسط ایشیائی ملک میں قانونی کارروائی کا سامنا کررہے کمپنی عہدیداروں کو قونصلر امداد بھی دی جارہی ہے۔ نوئیڈا کی کمپنی کے قانونی نمائندہ حسن حارث نے کہا کہ 2 ممالک کی حکومتیں معاملہ کی تحقیقات کررہی ہیں۔

ہماری طرف سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ازبکستان کے دعویٰ سے قبل خبریں آئی تھیں کہ ہریانہ کی کمپنی میڈن فارما کی تیار کردہ کھانسی کی دوا پینے سے گامبیا میں 70 بچوں کی موت واقع ہوئی۔