تعلیم و روزگار

نعت شریف ٹریننگ اکیڈیمی قائم کرنے رحیم اللہ خان نیازی کا اعلان

رحیم اللہ خان نے حضور اکرمؐ کی 63سالہ حیات مبارکہ اور سیرت النبیؐ کی تعلیمات پر ایک ساونیرجاری کرنے کا اعلان کیا تاکہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سیرت النبیؐ کی تعلیمات کو گھر گھر پہنچایا جائے اور نعت شریف ٹریننگ اکیڈیمی قائم کی جائے گی۔

حیدرآباد: اہل سنت والجماعت سیرت کمیٹی تلنگانہ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس کل مرکزی دفتر ٹولی چوکی میں بصدارت جناب محمد رحیم اللہ خان نیازی شرفی حمیدی صدر کمیٹی و سابق چیرمین اردو اکیڈیمی متحدہ اے پی منعقد ہوا۔

اجلاس میں طئے پایا کہ آئندہ ماہ ربیع الاول میں کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی جشن عید میلاد النبیؐ جلسے رحمت للعٰلمینؐ کے 8 تا 10 مقامات پر منعقد کئے جائیں گے۔

نعتیہ محفلوں، تحریری و تقریری گولڈ میڈل مقابلوں، خواتین کے لئے 2 مرکزی مقامات پر جلسہ رحمت للٰعلمینؐ کا اہتمام کیا جائے گا۔

12ربیع الاول کو ٹولی چوکی تا مہدی پٹنم، مانصاحب ٹینک میلاد جلوس نکالا جائے گا اور ٹولی چوکی چوراہا اور مہدی پٹنم میں عید میلاد النبیؐ دعوت طعام عام کا انتظام رہے گا۔ ان تمام پروگرامس کو قطعیت دے دی گئی ہے۔

رحمت للعٰلمینؐ کے مرکزی جلسوں کی تاریخ، مقامات، وقت اور مدعوئین علماء و مفتیان کے علاوہ تحریری، تقریری مقابلوں کے عنوانات، تاریخ و مقام کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔

جناب محمد رحیم اللہ خان نیازی نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیارے آقا محمد رسول اللہؐ کی امت میں پیدا فرمایا۔ انھوں نے کہا کہ پیارے آقا نبی کریمؐ نے ہمیں مکمل دین اسلام اور شریعت عطا کی۔

جناب نیازی نے حضور اکرمؐ کی 63سالہ حیات مبارکہ اور سیرت النبیؐ کی تعلیمات پر ایک ساونیرجاری کرنے کا اعلان کیا تاکہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سیرت النبیؐ کی تعلیمات کو گھر گھر پہنچایا جائے اور نعت شریف ٹریننگ اکیڈیمی قائم کی جائے گی۔