تلنگانہ

جشن تاسیس تلنگانہ، جائزہ اجلاس میں سرگرمیوں کو قطعیت

یوم کسان سے ذخائر آب تقاریب اور لٹریچر ڈے سے لے کر قبائیلی تہوار تک تاسیس تلنگانہ کے10سالہ تقاریب کو وسیع پیمانے پر تزک احتشام کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے 21دنوں تک چلنے والے پروگرام کو قطعیت دے دی ہے۔

حیدرآباد: یوم کسان سے ذخائر آب تقاریب اور لٹریچر ڈے سے لے کر قبائیلی تہوار تک تاسیس تلنگانہ کے10سالہ تقاریب کو وسیع پیمانے پر تزک احتشام کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے 21دنوں تک چلنے والے پروگرام کو قطعیت دے دی ہے۔

متعلقہ خبریں
بی آر ایس دور حکومت میں 600فون ٹیاپنگ معاملات کا انکشاف
سٹی پولیس کی جانب سے 2K اور5K دوڑ کااہتمام
کانگریس اقتدار کے 100 دنوں میں 180 کسانوں کی خود کشی
چند یوٹیوب چیانلس پر جھوٹ پھیلانے کا الزام، قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ
پروین کمار کی بی آر ایس میں شمولیت سے چیف منسٹر حیران

ان تقاریب کاآغاز2جون سے ہوگا۔ بی آر ایس حکومت نے گذشتہ 9برسوں کے دوران حکومت کو حاصل کامیابیوں کو جاگر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، روزانہ کی بنیاد پر وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کررہے ہیں تاکہ21یوم تک چلنے والی عظیم الشان تقاریب کی سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے اور اس کی نگرانی کی جاسکے تاہم کے سی آر حکومت کی نظر بظاہر اسمبلی الیکشن پر مرکوز ہے جو جاریہ سال نومبر، دسمبر میں منعقد ہوں گے۔

حکومت چاہتی ہے کہ یوم تاسیس تلنگانہ کو بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے اور اس تقاریب میں گزشتہ 9برسوں کے دوران حکومت کو حاصل کامیابیوں کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جاسکے، شہر کے گن پارک میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر، 2جون کو ان تقاریب کا افتتاح کریں گے۔ بعدازاں وہ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ کے احاطہ میں ترنگا لہرائیں گے اور شرکا سے خطاب کریں گے۔ وزراء اضلاع میں منعقدشدنی تقاریب میں حصہ لیں گے۔

3جون کو تلنگانہ کسان دیوس منایا جائے گا۔ اس رو ز محکمہ زراعت، رعیتو ویدیکا ؤں میں مختلف پروگرام منعقد کرے گا جس میں شعبہ زراعت میں حاصل کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ برقی کی مفت سربراہی، رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ اور دیگر اسکیمات کی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔4جون کو سیفٹی ڈے (سرکھشا ڈے) کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس دن محکمہ پولیس کی جانب سے کئی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ریاست میں نظم وضبط کی برقراری، فرینڈلی پولیسنگ اور دیگر موثر خدمات کوا جاگر کیا جائے گا۔

5 جون کو تلنگانہ ودیوت وجئے اتسو منایا جائے گا اس روز شعبہ برقی میں حاصل کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ حلقہ جاتی اساس پر مشاورتی اجلاس منعقد کرتے ہوئے عوام کو برقی شعبہ میں معیاری تبدیلیوں اور کامیابیوں سے اجاگر کیا جائے گا ۔اسی دن سنگارینی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔ دوسرے دن 6جون کو تلنگانہ انڈسٹریل گروتھ فیسٹول منایا جائے گا۔ شعبہ صنعت میں ترقی اور کامیابیوں کو اجاگرکیا جائے گا۔

7جون کو اریگشن واٹر ڈے کے طور پر اہتمام کیا جائے گا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں اجلاسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ان پروگراموں کے دوران شعبہ آبپاشی میں درج کامیابیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے شہر میں ریاستی سطح کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں خود چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے۔

چیف منسٹر کی آفس کے مطابق 8 جون کو ”اوورورا چیروولا پنڈوگا“ (ہر گاؤں میں خیرہ آب کا تہوار) منعقد ہوگا۔ اس دن بتکماں اور بونال کلچرل پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ماہی گیر طبقہ کے افراد ریالیاں منظم کریں گے اور تالابوں وکنٹوں کے قریب لنچ پروگرام میں قائدین اور عوام شرکت کریں گے۔تلنگانہ سنکشیما سمبھرالو(ویلفیر پروگرام کی تقاریب) 9 جون کو منعقد ہوں گی۔ آسرا پنشن، کلیان لکشمی اور دیگر ویلفیر اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی میٹنگس رکھی جائیں گی۔

یہ میٹنگ، حلقہ جاتی اساس پر منعقد ہوں گی۔ تلنگانہ گڈ گورننس ڈے10جون کو منایا جائے گا۔ اس کے پروگرام تمام ضلع مستقر پر منعقد کئے جائیں گے جس میں انتظامی اصلاحات کے ذریعہ حکومت کے نظام کو زیادہ سے زیادہ عوام تک رسائی کو یقینی بنانے کے فوائد کو اجاگر کیا جائے گا۔ تلنگانہ لٹریچر ڈے11جون کو منایا جائے گا اس روز ضلع سطح پر کوی سمیلن اور ریاستی سطح کے پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔

تلنگانہ رن (دوڑ) کا اہتمام 12جون کو کیا جائے گا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے تمام اسمبلی حلقہ جات مستقر پر اس پروگرام کو منعقد کیا جائے گا جس میں طلبہ ونوجوانوں، عوامی نمائندے، عہدیدار اور دیگر شرکت کریں گے۔ 13 جون کو تلنگانہ ویمن ویلفیر ڈے منایا جائے گا جس میں خواتین کی بہبود اور ان کی ترقی کیلئے حکومت کے پروگرامس اور اسکیمات کو پیش کیا جائے گااور بسٹ خاتون ملازمین کو ایوارڈز دئیے جائیں گے۔

ریاست کے شعبہ صحت وطبابت میں انقلابی ترقیوں کو جاگر کرنے کیلئے 14جون کو تلنگانہ میڈیکل ڈے منایا جائے گا۔ محکمہ صحت کے عہدیدار، عوام کو دستیاب طبی سہولتوں اور ہیلت انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانے کے حکومتی اقدامات سے واقف کرائیں گے۔ اس روز چیف منسٹر کے سی آر، شہر میں 2ہزار بستروں کی گنجائش کے حامل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور نمس کے توسیع کاموں کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔

15جون کو تلنگانہ پلے پرگتی یوم منایا جائے گا جس میں ریاست کے گاؤں میں جاری ترقی کواجاگر کیا جائے گا ریاست کے گاؤں، ملک بھر کیلئے رول ماڈل بن چکے ہیں۔ اس کے دوسرے دن16جون کو پلے پرگتی ڈے کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ ٹرائبل فیسٹول 17جون کو منایا جائے گا۔ نئے قبائیلی گاؤں میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔تلنگانہ ڈرنکنگ واٹر فیسٹول18جون کو منایا جائے گا۔

اس دن مشن بھاگیر تا کے تحت صدفیصد گھروں کو پینے کے پانی کی سربراہی کے بارے میں عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ تلنگانہ گرین فیسٹول کے تحت19 جون کو ہریتا اتسو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر منایا جائے گا یہ پروگرام تمام مواضعات اور ٹاؤنس اور شہروں میں منعقد کئے جائیں گے۔ محکمہ جنگلات کی جانب سے ریاست میں سبزہ کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے واقف کرایا جائے گا۔

20جون کو تلنگانہ ایجوکیشن ڈے منایا جائے گا۔ ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔21جون کو تلنگانہ اسپریچول ڈے بھی منایا جائے گا۔ یہ پروگرام ریاست کی تمام منادر، مساجد، گرجاگھروں اور دیگر عبادت گاہوں میں منعقد کیا جائے گا۔ 21روزہ جشن تلنگانہ پروگرام22جون کو تلنگانہ یوم شہیدان کے ساتھ ختم ہوں گے۔

ریاست کے گاؤں، ٹاؤنس، شہروں اور تمام تعلیمی اداروں میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا جائے گا اور دو منٹ کی خاموشی منائیں گے۔ان شہیدوں کی یاد میں ٹینک بنڈ پر ایک بڑی ریالی نکالی جائے گی۔ اسی روز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ٹینک بنڈ پر جدید تعمیر کردہ یادگار شہیدان تلنگانہ کا افتتاح کریں گے۔