محکمہ صحت میں جلد 13 ہزار تقررات: ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہاکہ حیدرآباد کے ہر بستی دواخانہ میں 57قسم کی تشخیصی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں آنے والے مہینوں میں اضافہ کرتے ہوئے ان کو 134کردیاجائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں محکمہ صحت میں تقریبا 13ہزارملازمتوں کو پُرکیاجائے گا۔انہوں نے ضلع رنگاریڈی کے نارسنگی میں ٹی ڈائگناسٹک منی ہب اورٹی ڈائگناسٹک موبائل ایپ کا افتتاح انجام دیا۔انہوں نے اس موقع پرکہا کہ تلنگانہ میں ہر سطح پر طبی انفراسٹرکچرمیں اضافہ کے لئے بڑے پیمانہ پر مساعی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) میں دوہزاربستروں کی سہولت شروع کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران حکومت نے 350بستی دواخانوں کا قیام عمل میں لایاجن کے ذریعہ مقامی سطح پر شہری غریبوں کو نگہداشت صحت خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

حیدرآباد کے ہر بستی دواخانہ میں 57قسم کی تشخیصی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں آنے والے مہینوں میں اضافہ کرتے ہوئے ان کو 134کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اعضا کی پیوند کاری کو سرکاری اسپتالوں میں یقینی بنایاجارہا ہے۔

ساتھ ہی گھٹنے کی تبدیلی کی سرجری بھی گاندھی اسپتال، عثمانیہ اسپتال اور اضلاع کے اسپتالوں میں کی جارہی ہے۔ریاستی وزیر تعلیم سبیتااندراریڈی، رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی، رکن کونسل پٹلم مہیندرریڈی، رکن اسمبلی پرکاش گوڑاور محکمہ صحت کے دیگر سینئر عہدیداراس موقع پر موجود تھے۔

تبصرہ کریں

Back to top button