مختلف اگزٹ پولس میں ای راجندر کی کامیابی کی پیش قیاسی

اگزٹ پولس منعقد کرنے والی ایجنسیز کے مطابق ای راجندر کو 10تا 25 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔

حیدرآباد: حضور آباد ضمنی الیکشن کے بعد مختلف ایجنسیز کی جانب سے جاری کردہ اگزٹ پولس کے مطابق بی جے پی امیدوار ای راجندر کو کامیابی حاصل ہوگی۔

پولیٹیکل لیباریٹری مشن چانکیہ، کوٹلیا سلوشنس، مورتی آتما ساکشی گروپ، ایچ ایم آر ریسرچ پرائیوٹ لمیٹڈ نامی ایجنسیز نے ضمنی انتخاب میں ای راجندر کی کامیابی کے متعلق پیش قیاسی کی ہے جبکہ ناگنا کی جانب سے ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس کی کامیابی کے امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔

اگزٹ پولس منعقد کرنے والی ایجنسیز کے مطابق ای راجندر کو 10تا 25 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ اگزٹ پولس کی پیش قیاسی میں تمام ایجنسیز کی رپورٹس میں ایک بات مشترکہ یہ رہی کہ کانگریس امیدوار بی وینکٹ تیسرے مقام پر چلے جائیں گے اور ان کی ضمانت بھی نہیں بچ پائے گی۔

ان کو جملہ رائے دہی کا دس فیصد ووٹ بھی حاصل نہیں ہوں گے۔ پولیٹیکل لیباریٹری کے اگزٹ پول کے مطابق ای راجندر کو 51 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے اور وہ 23,000 تا 24,000 اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے جبکہ ٹی آر ایس امیدوار گیلو سرینواس کو 42 فیصد اور کانگریس امیدوار بی وینکٹ نرسنگ راؤ کو صرف دو تا تین فیصد ووٹ ہی حاصل ہوں گے۔

مشن چانکیہ کی رپورٹ کے مطابق ای راجندر کو59.20 فیصد، گیلو سرینواس یادو کو 39.26 فیصد اور نرسنگ راؤ کو0.69 فیصد ووٹ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ کوٹلیا سلوشنس کی پیش قیاسی کے مطابق ای راجندر 47 فیصد ووٹ کے ساتھ ٹی آر ایس امیدوار پر13,935ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button