مرکز سے 10ہزار کروڑ لانے پر کشن ریڈی کو تہنیت پیش کروں گا: کے ٹی آر

حیدرآباد: ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکز کی حکومت، تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈس نہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں کروڑ ہا روپے مالیت کے ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں مگر مرکز کی بی جے پی حکومت، ان کاموں کیلئے فنڈس جاری نہیں کررہی ہے۔

کے ٹی آر نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی، فلڈریلیف پیاکیج کے تحت اگر10ہزار کروڑ روپے مرکز سے لائیں گے تو وہ ریڈی کو تہنیت پیش کریں گے۔

ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی ایل بی نگر میں 672 کروڑ روپے کے مصارف سے فلائی اوورس اور انڈر پاس کے تعمیری کاموں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور اسٹرام واٹر نیٹ ورک کے کام بھی جاری ہیں۔

شہر کے دوسرے اسمبلی حلقوں میں بھی اسی طرح کے ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت29 کروڑ کے مصارف سے بیر امل گوڑہ میں فلائی اوور اور ایل بی نگر میں 40 کروڑ روپے کے خرچ سے انڈر پاس تعمیر کیا گیا جس کا انہوں نے افتتاح کیا ہے۔

Back to top button