مسجد قباء فرح کالونی کے توسیعی پراجکٹ کا افتتاح

حیدرآباد: فرح کالونی میں واقع مسجد قباء،سعیدآبادکے توسیع پراجکٹ کا افتتاح بعد نماز جمعہ مسجد کے بزرگ ترین مصلی  محمد عبدالرشید اور شیخ ضمیر الدین کے ہاتھوں انجام پایا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی ملک پیٹ احمدبن عبداللہ بلعلہ نے شرکت کی۔

 اس موقع پر حافظ سید سعد الدین انجینئر نگ طالب علم نے کلام پاک کی تلاوت کی۔رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ مسجد قباء کے توسیعی تعمیراتی کام میں ہر ممکنہ تعاون کرینگے۔ انہوں نے مسجد کی توسیع پر مصلیوں کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تعمیراتی کام شہر کے مشہور ذکی اینڈ اسوسی ایٹ اسٹرکچرل انجینئر کے تفویض کیا گیا۔

 توسیع تعمیراتی کمیٹی میں  محمد اعظم خان ریٹائرڈ ایکزیکیٹو انجینئروپراجکٹ مینجر، محمد منیر الدین خان اسٹرکچرل انجینئر، عابد غوری اور حافظ رفیق احمد نظامی ہیں۔ حافظ رفیق احمد نظامی نے بتایا کہ 1988ء میں مسجد قباء کی تعمیرکا آغاز ہوا۔ ابتداء میں شیڈ میں نماز ادا کی جاتی تھی اور تعمیراتی کام کا آغاز 1800روپیے سے شروع ہوا۔آج یہ ایک شاندار مسجد کی شکل میں موجود ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلے اعزازی موذئن و امام ہونے کا شرف حاصل ہوا اورانہیں ابتداء کے تین سال 1988/89/90 میں نمازتراویح پڑھانے کا  بھی شرف حاصل ہوا۔ 1991ء میں موجودہ عمارت کے تعمیراتی کام کا آغاز ہواجس میں کم و بیش ایک ہزار مصلی نماز جمعہ کی اداکرتے ہیں۔ اورنئی توسیع کے بعد مزید پانچ سو مصلیوں کیلئے نماز پڑھنے کی سہولت ہوگی۔ ان دنوں کئی مصلی مسجد کے باہر سڑک پر نماز جمعہ ادا کرتے ہیں۔

پارکنگ کے لئے دشواری کو مدّنظر رکھتے ہوئے موجودہ نئی توسیع میں سیلر میں پارکنگ کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ موجودہ مسجد کمیٹی کے صدر عبدالقادر، نائب صدور ڈاکٹر اکرام الحق، ڈاکٹر عظیم الدین، معتمد سید اکرم اللہ اور اراکین میں عابد غوری جو ویلفیئر کمیٹی کے بھی انچارج ہیں۔ قمر الدین ریٹائرڈ انجینئر اِن چیف محکمہ پنچایت راج و چیرمین اقلیتی کمیشن حکومت تلنگانہ مسجد کمیٹی کے سی ای او ہیں۔ مسجد کے توسیع سنگ بنیاد کے موقع پر مصلیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Back to top button