یوروپ

حماس کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل نوجوان مغربی خواتین کے قبول اسلام کے فیصلے کا محرک بنا

اسرائیل کی جانب سے سات اکتوبر کو غزہ پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں نوجوان امریکی خواتین نہ صرف اسلام قبول کر رہی ہیں بلکہ مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پیغامات کی صورت میں تبدیلی مذہب اعلان بھی کر رہی ہیں۔

لندن: اسرائیل کی جانب سے سات اکتوبر کو غزہ پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں نوجوان امریکی خواتین نہ صرف اسلام قبول کر رہی ہیں بلکہ مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پیغامات کی صورت میں تبدیلی مذہب اعلان بھی کر رہی ہیں۔

برطانوی اخبار ڈیلی آن لائن کی خبر کے مطابق حال ہی میں مذہب تبدیل کرنے والی ان نوجوان مغربی خواتین کا کہنا ہے کہ حماس کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل ان کے قبول اسلام کے فیصلے کا محرک بنا۔

حماس نے ’طوفان الاقصی آپریشن‘ میں اسرائیل کو نشانہ بنایا تھا جس کے جواب میں اسرائیل نے طاقت کا بے دریغ استعمال شروع کیا جو اب بھی جاری ہے۔

اخبار نے نوجوان خواتین کے حوالے سے کہا کہ انہیں اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے بعد سے اسلام قبول کرنے کی ترغیب ملی ہے اور وہ ٹک ٹاک پر اپنی مذہبی بیداری کا اظہار کر رہی ہیں۔

اپنے تبدیلی مذہب کے سفر کو شیئر کرنے والوں میں الیکس نامی ایک خاتون بھی شامل ہیں، جنہوں نے حال ہی میں قرآن کا ایک نسخہ خریدا ہے۔

الیکس، نے اپنے بالوں کو ڈھانپنا شروع کر دیا ہے اور کہتی ہیں کہ سات اکتوبر کی کارروائی اور غزہ پر اسرائیل کے جوابی حملوں کے بعد وہ فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر الیکس نے اسرائیلی حملے کی مذمت میں ایک ویڈیو بھی پوسٹ کر رکھی جس کے ساتھ لکھا کہ ’انہوں نے تمام مواصلات کو بند کر دیا ہے اور ان پر ہوا، زمین اور آسمان سے حملہ کر رہے ہیں۔‘

اب وہ ویڈیوز میں حجاب کرتی ہیں اور اپنی ویڈیوز پر آنے والے مثبت و منفی تبصروں کا جواب دیتی ہیں۔