بھارت

ہندوستانی شہریوں کو ایران جانے کے لئے اب ویزا کی ضرورت نہیں

ایران جانے کے لئے اب ہندوستانی شہریوں کو ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایران نے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام پاسپورٹ کے حامل ہندوستانی شہری بغیر ویزا کے ایران کا سیاحتی دورہ کرسکتے ہیں۔

نئی دہلی: ایران جانے کے لئے اب ہندوستانی شہریوں کو ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایران نے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام پاسپورٹ کے حامل ہندوستانی شہری بغیر ویزا کے ایران کا سیاحتی دورہ کرسکتے ہیں۔

نئی دہلی میں ایران کے سفارت خانے کی طرف سے آج جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے۔

سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ عام پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانی شہریوں کو ہر چھ ماہ میں ایک بار بغیر ویزا کے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ وہ زیادہ سے زیادہ 15 دن قیام کرسکتے ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ 15 دن کی مدت میں توسیع نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ویزا فری داخلہ صرف ان افراد پر لاگو ہوگا جو سیاحت کے لئے ایران میں داخل ہوں گے۔ کاروباری یا تعلیمی مقاصد کے لئے ایران جانے والے ہندوستانیوں کو متعلقہ زمروں کے تحت ویزا کی درخواست دینی ہوگی۔

جو لوگ چھ ماہ کی مدت میں ایک سے زیادہ بار ایران جانا چاہتے ہیں، انہیں باقاعدہ ویزا حاصل کرنا ہوگا۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ویزا فری داخلہ صرف ان ہندوستانی سیاحوں پر لاگو ہوگا جو ہوائی جہاز سے ایران پہنچیں گے۔

ترکی، افغانستان، پاکستان یا کسی بھی پڑوسی ملک کے ذریعے زمینی راستے سے ایران آنے والے ہندوستانی شہریوں کو پیشگی اور باقاعدہ ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تھائی لینڈ، ملائیشیا، سری لنکا اور ویتنام جیسے ممالک کی فہرست میں اب ایران بھی شامل ہو گیا ہے جنہوں نے حال ہی میں ہندوستانی شہریوں کے لئے ویزا کی شرط کو معاف کر دیا ہے۔