ملک میں عنقریب سیاسی تبدیلی‘ کے سی آر کی اروند کجریوال سے ملاقات

کے چندرشیکھرراؤ اور اروند کجریوال نے مل کرمحمدپورمیں واقع محلہ کلینک کا معائنہ کیا۔عہدیداروں نے کے سی آر کومحلہ کلینک میں فراہم کی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔

حیدرآباد: صدرٹی آرایس وچیف منسٹرتلنگانہ کے چندر شیکھرراؤنے کہاکہ ہندوستان میں عنقریب سیاسی تبدیلی رونماء ہوگی۔ آج دہلی کے جنوبی موتی باغ میں چیف منسٹردہلی اروندکجریوال کے ساتھ سرودئے اسکول کامعائنہ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے تیارکردہ نئی تعلیمی پالیسی پرشدید تنقیدکی۔

 ڈپٹی چیف منسٹردہلی منیش سسوڈیا نے کے چندرشیکھرراؤکوتعلیمی نظام میں دہلی حکومت کی جانب سے لائی گئی تبدیلی ڈیجیٹل طریقہ کاراوراصلاحات کے متعلق تفصیلات سے واقف کرایا اورکہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں سے مشورہ کئے بغیرمن مانی انداز میں ایک طرفہ کاروائی کرتے ہوئے نئی تعلیمی پالیسی تیار کی گئی ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ اگر مرکزی حکومت دہلی کے طرز پر نیا تعلیمی نظام تیار کرتی تو حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسے قبول کیا جائے گا مگر مرکزی حکومت نے جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طرفہ کاروائی کی۔ کے سی آر نے کہاکہ دہلی حکومت کی جانب سے اسکولس کو بہترین انداز میں ترقی دی گئی۔

اروندکجریوال نے اپنے خود کے نظریات کے مطابق اسکولس کوترقی دے رہے ہیں۔طلبہ کو نوکری حاصل کرنے والوں کے بجائے نوکریاں فراہم کرنے والوں کے طورپرتیار کیاجارہاہے۔ بہت بڑی آبادی والے ہمارے ملک میں اس طرح کا طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

کے سی آرنے کہاکہ اسی طریقہ کارپرتلنگانہ میں بھی عمل کیا جائے گا۔تلنگانہ کے اساتذہ کو یہاں کے نظام تعلیم کو سمجھنے کیلئے دہلی بھیجا جائے گا۔یہاں پر تدریسی طریقہ کار سے واقف کرایاجائے گا۔کے سی آرنے کہاکہ دہلی کے اسکولس میں روبعمل تدریسی طریقہ کارکوملک بھرمیں اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف منسٹر تلنگانہ نے مزید کہاکہ دہلی کے اسکولس کی کارکردگی بہترین ہے۔اسکولس کا تصور اچھا ہے۔ ہم نے ہر چیز کاباریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔جب صحافیوں نے کجریوال اور اکھلیش یادو سے ملاقات کے متعلق دریافت کرنا چاہا تو کے سی آرنے کہاکہ ہم اسکول جیسی مقدس جگہ پر ٹہرے ہیں جہاں سیاسی گفتگو کرنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب دوقائدین ملاقات کرتے ہیں توگفتگو سیاسی نوعیت کی ہی ہوتی ہے۔ ملک میں سنسنی خیز واقعات ہونا طئے ہے۔ مستقبل کیا ہوگا وہ سب کے سامنے ہوگا۔ بعدازاں کے چندرشیکھرراؤ اور اروند کجریوال نے مل کرمحمدپورمیں واقع محلہ کلینک کا معائنہ کیا۔عہدیداروں نے کے سی آر کومحلہ کلینک میں فراہم کی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔

یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ صدرٹی آرایس دہلی کے دورہ کے دوران معاشی ماہرین‘ سیاسی قائدین‘اور ذرائع ابلاغ کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کرئیں گے۔کے سی آر روایتی سیاسی نظریات پر سیاست کے بجائے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے علحدہ ایجنڈہ تیار کرنے کوشاں ہیں۔ کے سی آر 27مئی کوواپس حیدرآبادآجائیں گے اور 29 اور30مئی کومغربی بنگال اوربہارکے دورہ پر روانہ ہوں گے۔

تبصرہ کریں

Back to top button