ممبئی کا مافیا ڈان سریش پجاری 15 برس بعد گرفتار

اکتوبر کے وسط میں جنوبی منیلا میٹرو پولیٹن علاقہ میں وہ پکڑا گیا تھا اور ہندوستان حوالگی کی کارروائی شروع ہوئی تھی۔منگل کے دن اسے نئی دہلی لایا گیا۔

نئی دہلی /ممبئی: فلپائن کی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے 2 ماہ بعد خطرناک مفرورجرائم پیشہ سرغنہ سریش پجاری کو ہندوستان ڈپورٹ کردیا گیا۔ وہ ممبئی میں تقریباً 24 سنگین جرائم کیسس کا سامنا کرے گا۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن نئی دہلی میں یہ بات بتائی۔

اکتوبر کے وسط میں جنوبی منیلا میٹرو پولیٹن علاقہ میں وہ پکڑا گیا تھا اور ہندوستان حوالگی کی کارروائی شروع ہوئی تھی۔منگل کے دن اسے نئی دہلی لایا گیا۔

سریش پجاری کو نئی دہلی ایرپورٹ میں لینڈنگ کے بعد انٹلیجنس بیورو (آئی بی) اور سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) کی مشترکہ ٹیم کے حوالے کردیا گیا۔ 15 سال مفرور رہنے کے بعد وہ ہندوستان لوٹا ہے۔

سی بی آئی پوچھ تاچھ مکمل ہونے کے بعد اسے ممبئی پولیس کرائم برانچ کو سونپ دیا گیا۔ ممبئی اور تھانے پولیس نے 2017-18 میں اس کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرائی تھی کیونکہ وہ یہاں درج کئی بڑے جرائم میں مطلوب تھا۔

سریش پجاری ایک اور بدنام جرائم پیشہ روی پجاری کا رشتہ دار ہے جسے فروری 2020 میں سنیگال (افریقہ) سے ڈِپورٹ کراکر لایا گیا تھا۔ وہ فی الحال زیرحراست ہے اور مرکزی ایجنسیوں کے علاوہ کرناٹک‘ گجرات اور مہاراشٹرا کی پولیس تحقیقات کررہی ہے۔

2007 میں ملک سے فرارہوتے ہی ممبئی پولیس نے سریش پجاری کی تفصیلات مرکز کو فراہم کردی تھیں۔ دونوں پجاریوں میں علاقہ کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا۔ سریش پجاری نے 2000 کے اوائل میں علیحدہ مافیا سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔

ممبئی‘ نوی ممبئی اور تھانے میں وہ سرگرم تھا۔ شمال مشرقی ممبئی کے گھاٹ کوپر میں رہنے والا سریش پجاری‘ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر 15 برس قبل ہندوستان سے نکل گیا تھا۔ بعدازاں انٹرپول نے نوٹس جاری کی تھی اور مہاراشٹرا پولیس نے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی تھی۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button