سوشیل میڈیا

لہولہان لڑکی مدد کے لئے پکارتی رہی اور لوگ ویڈیو بناتے رہے

دل کو رلا دینے والا یہ واقعہ یو پی کے قنوج میں پیش آیا جبکہ یہ لڑکی قبل ازیں ایک آدمی کے ساتھ چلتی ہوئی دیکھی گئی تھی۔

لکھنؤ: اتر پردیش کے قنوج میں ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس کے قریب ایک لڑکی زخمی حالت میں پڑی تھی، نہ صرف اس کے سر بلکہ ٹانگوں سے بھی خون بہہ رہا تھا اور اس کے اطراف ایک بھیڑ تھی جو ہاتھوں میں سیل فون لئے اس کے ویڈیو بنارہی تھی۔ لڑکی ایک طرف مدد کے لئے پکاررہی تھی اور لوگ اپنے موبائل فون پر ویڈیو بنانے میں مصروف تھے۔

دل کو رلا دینے والا یہ واقعہ یو پی کے قنوج میں پیش آیا جبکہ یہ لڑکی قبل ازیں ایک آدمی کے ساتھ چلتی ہوئی دیکھی گئی تھی۔

یہ13  سالہ لڑکی نیم بے ہوشی کی حالت میں تھی اور خون میں لت پت تھی جب اسے اتوار کو گھر سے نکلنے کے چند گھنٹے بعد ایک گیسٹ ہاؤز کے قریب جھاڑیوں میں پایا گیا۔

پولیس نے اس کے اہل خانہ کی شکایت پر عصمت دری کا مقدمہ درج کرلیا ہے حالانکہ میڈیکل رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔

یہ پریشان کن کہانی سوشیل میڈیا پر سلسلہ وار ویڈیوز کے ذریعے سامنے آئی ہے۔

ان میں سے بدترین ویڈیو کلپس وہ ہیں جن میں لڑکی کو درد سے کراہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، بظاہر وہ اپنے خون میں بھیگے ہوئے بازوؤں کے ساتھ مدد کے لئے پکاررہی ہے، جب مردوں کا ایک گروپ اس کے ارد گرد کھڑا ہے اور اسے اپنے موبائل فونس پر فلما رہا ہے۔

https://twitter.com/ashoswai/status/1584826813112803330

اس25 سیکنڈ کی ویڈیو میں آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں کہ آیا پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے لیکن لڑکی کی مدد کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔

ایک دوسری وائرل ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار زخمی لڑکی کو اپنے بازوؤں میں لے کر آٹورکشہ کی طرف بھاگ رہا ہے۔

لڑکی کے چچا نے ایف آئی آر میں کہا ہے کہ اس کی بھتیجی اتوار کی دوپہر کسی کام سے باہر نکلی اور پانچ گھنٹے تک واپس نہیں آئی۔ بعد میں اسے گیسٹ ہاؤس کے قریب جھاڑیوں میں ایک گارڈ نے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

وہ بے ہوش تھی اور اس کے سر پر شدید زخم سمیت جسم پر متعدد زخم آئے تھے۔ اس کے اہل خانہ نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔

پولیس اس شخص کی تلاش کر رہی ہے جسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ وہ مبینہ طور پر اسے گیسٹ ہاؤس لے گیا تھا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کنور انوپم سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ نابالغ لڑکی زخمی حالت میں پائی گئی اور مقامی پولیس نے اسے علاج کے لئے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ روبصحت ہورہی ہے۔