دہلی

کینسر سے متاثرہ مریض کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست‘ ایک لاکھ جرمانہ

جسٹس ایم آر شاہ اورجسٹس ایم ایم سندریش پر مشتمل بنچ نے ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا جو متعلقہ عہدیدار کو بھرنا ہوگا جس نے خصو صی درخواست داخل کرنے کی اجازت دی تھی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کینسرسے متاثر ایک ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست داخل کرنے پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کی سرزنش کی ہے اورکہاکہ اسے اسٹیشنری، قانونی فیس اورعدالت کا وقت ضائع نہیں کرناچاہئے تھا۔

خانگی بینک کے ملازم اس شخص کو24کروڑ روپے کے غبن کے سلسلہ میں گرفتارکیاگیا تھا۔ جسٹس ایم آر شاہ اورجسٹس ایم ایم سندریش پر مشتمل بنچ نے ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا جو متعلقہ عہدیدار کو بھرنا ہوگا جس نے خصو صی درخواست داخل کرنے کی اجازت دی تھی۔

بنچ نے کہاکہ محکمہ کوایسی خصوصی درخواست داخل نہیں کرنا چاہیے تھا جس کے نتیجہ میں اسٹیشنری، قانونی فیس اورعدالت کاوقت ضائع ہوا۔ اس درخواست کوجرمانہ کے ساتھ خارج کیاجاتا ہے۔جرمانہ اس عہدیدارکو اداکرناہو گاجس نے درخواست داخل کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس کی تنخواہ سے ایک لاکھ روپے منہاکئے جائیں۔ محکمہ کوچاہئے کہ وہ اندرون چارہفتے اس عدالت کی رجسٹری میں یہ رقم جمع کرائے۔ رقم جمع کرائے جانے کے بعد 50ہزار روپے نیشنل لیگل سرویسس اتھاریٹی نئی دہلی کواور50ہزار روپے سپریم کورٹ کی ثالثی کمیٹی کومنتقل کئے جائیں۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگاکہ ایجنسی نے الہ آبادہائیکورٹ کے12 نومبر2021کے احکام کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیاتھا۔ الہ آبادہائیکورٹ نے اس شخص کے کینسرسے متاثر ہونے کے پیش نظر اسے ضمانت منظورکی تھی۔