بھارت

ٹیسلا، آئندہ سال ہندوستان میں فیکٹری لگائے گی؟

ایلون مسک کی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا انکارپوریشن، امکان ہے کہ امریکی ساختہ الیکٹرک وہیکل (ای وی) کو ملک میں لانے کے لئے حکومت ہند کے ساتھ ایک معاہدے کو جلد حتمی شکل دے گی۔

حیدرآباد: ایلون مسک کی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا انکارپوریشن، امکان ہے کہ امریکی ساختہ الیکٹرک وہیکل (ای وی) کو ملک میں لانے کے لئے حکومت ہند کے ساتھ ایک معاہدے کو جلد حتمی شکل دے گی۔

متعلقہ خبریں
ایلون مسک اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر میں نظر آئے
ٹویٹر کے صارفین کی تعداد میں ہر ہفتے اضافہ: مسک

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا 2024 میں ہندوستانی مارکیٹ میں داخل ہوسکتی ہے اور ممکنہ طور پر دو سال کے اندر اندر ملک میں برقی کاروں کا مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کر سکتا ہے۔

اس سلسلے میں باضابطہ اعلان جنوری میں منعقد ہونے والی وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ میں کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی کار ساز کمپنی مہاراشٹر، تاملناڈو اور گجرات میں اپنی ای وی فیکٹری لگانے پر غور کر رہی ہے۔

ہندوستان میں فیکٹری لگانے کے سلسلہ میں ٹیسلا کی جانب سے یہاں دو بلین ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔

آٹو پارٹس کی تیاری اور یہاں تیار کردہ کاروں کی دیگر ممالک کو برآمدات کے علاوہ ٹیسلا، مینوفیکچرنگ لاگت کو کم کرنے کے لیے ملک میں ہی بیٹریاں بنانے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔

کمپنی کی فی الحال امریکہ، چین اور جرمنی میں فیکٹریاں قائم ہیں۔ ایلون مسک ہندوستان میں بھی ٹیسلا کاریں فروخت کرنا چاہتے ہیں تاہم مودی حکومت چاہتی ہے کہ ٹیسلا خود ہندوستان میں برقی کاریں تیار کرکے فروخت کرے۔

تاہم ایلون مسک ہندوستان میں فیکٹری لگانے کے سلسلہ میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے کیونکہ یہاں انڈسٹری لگانے یا تجارت کرنے کے لئے قوانین کافی پیچیدہ ہیں۔ ایلون مسک کے اندیشوں کو دور کرنے کے بعد اب وہ ہندوستان میں ٹیسلا کا پلانٹ لگانے کے لئے تیار ہوگئے ہیں اور امکان ہے کہ 2024 میں ملک میں ٹیسلا پلانٹ کے قیام کا آغاز ہوگا۔