نواب ملک کو سنجے راوت کی مبارکباد

مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے این سی بی عہدیدار سمیر وانکھیڈے کے خلاف زوردار مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آرین خان کو اس کے باپ شاہ رخ سے پیسہ وصول کرنے کے لئے پھنسایا گیا۔

ممبئی: شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ہفتہ کے دن این سی پی قائد نواب ملک کو آرین کیس کو بے نقاب کرنے کے لئے مبارکباد دی۔ کولہاپور میں میڈیا سے بات چیت میں سنجے راوت نے کہا کہ نواب ملک نے اس کیس کو بے نقاب کرنے اور بی جے پی کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کی قیمت چکائی ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے جمعہ کے دن بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے لڑکے آرین خان کو ڈرگس آن کروز کیس میں کلین چٹ دے دی۔ آرین کو اس کیس میں 22 دن کی جیل کاٹنی پڑی تھی۔ این سی بی عہدیداروں نے کہا کہ آرین اور دیگر 5 لڑکے لڑکیاں کا نام چارج شیٹ میں اس لئے نہیں لیا گیا کہ ان کے خلاف ثبوت کافی نہیں۔ اس کے بعد حکومت نے سمیر وانکھیڈے کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

 مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے این سی بی عہدیدار سمیر وانکھیڈے کے خلاف زوردار مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آرین خان کو اس کے باپ شاہ رخ سے پیسہ وصول کرنے کے لئے پھنسایا گیا۔ نواب ملک کو ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں فروری میں گرفتار کرلیا تھا۔

 سنجے راوت نے کہا کہ میں نواب ملک کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے آرین کیس کے پیچھے کارفرما قوتوں کو بے نقاب کیا اور اس کیس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا۔ نواب ملک نے بی جے پی کو بے نقاب کیا جس کی قیمت انہیں چکانی پڑرہی ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا شیوسینا‘ سمیر وانکھیڈے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرے گی‘ سنجے راوت نے کہا کہ ہم کیوں مطالبہ کریں؟

کیا حکومت کو دکھائی نہیں دیتا کہ ایک نوجوان لڑکے کو جھوٹے ڈرگ کیس میں پھنسایا گیا اور اس کی زندگی برباد کی گئی۔ یہ لڑکا ایک ماہ جیل میں رہا‘ کیا یہی انصاف ہے؟۔ مرکز کی بی جے پی حکومت پر سیاسی انتقام کا الزام دُہراتے ہوئے سینا قائد نے کہا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں پر سیاسی دباؤ کی وجہ سے مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے 2   وزرا جیل میں بند ہیں۔

ای ڈی نے کل شیوسینا کے وزیر انیل پرب کے بنگلہ پر دھاوا کیا۔ یہ سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے۔ انیل پرب‘ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے تیسرے وزیر ہیں جو ای ڈی کے راڈار پر آگئے ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button