حیدرآباد

صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کریم نگر جیل سے رہا

ہنمکنڈہ کی عدالت نے جمعرات کی رات کو ضمانت کی عرضی پر طویل بحث و استددلال کے بعد بنڈی سنجے کو ضمانت دے دی۔ضمانت کے امور کی تکمیل کے بعد جیل حکام نے جمعہ کی صبح کو سخت سکیورٹی کے درمیان بنڈی سنجے کو رہا کردیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر ایم پی کریم نگر بنڈی سنجے کمار‘ جنہیں دو یوم قبل ایس ایس سی پیپر لیک کیس میں گرفتار کیا گیا تھا کو جمعہ کے روز ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی کے ٹی ڈی پی سے اتحاد کی قیاس آرائیاں
تمام ہندوں سے متحد ہوجانے کی اپیل: بنڈی سنجے
پیپر لیک معاملہ، مزید3گرفتار
سرپنچوں کے بقائے جاری کرنے بنڈی سنجے کا مطالبہ
کے ٹی آر ناستک، بھگوان پر یقین نہیں رکھتے؟

 ضلع جیل کریم نگر میں باہر آنے کے بعد بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کے سی آر کو چیالنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پیپر لیک معاملہ اور ان (بنڈی سنجے) کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرائیں۔

سنجے نے الزام عائد کیا کہ ایس ایس سی امتحان کے ہندی کے پرچہ سوالات کے افشاء کے ان پر عائد الزامات کا مقصد پبلک سرویس کمیشن سے پرچہ سوالات لیک کے معاملہ سے عوام کی روجہ منتشر کرنا تھا۔ پبلک سرویس کمیشن کے پیپر لیک معاملہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے سی آر حکومت لاکھ سازش کرلیں‘ وہ اس مسئلہ کو چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

ہنمکنڈہ کی عدالت نے جمعرات کی رات کو ضمانت کی عرضی پر طویل بحث و استددلال کے بعد بنڈی سنجے کو ضمانت دے دی۔ضمانت کے امور کی تکمیل کے بعد جیل حکام نے جمعہ کی صبح کو سخت سکیورٹی کے درمیان بنڈی سنجے کو رہا کردیا۔

 پولیس نے ٹاؤن میں امتناعی احکام نافذ کرتے ہوئے شام 6بجے تک دکانات کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے پیپر لیک معاملہ میں ہم پہلے سے ہی چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

حکومت نے اس مسئلہ پر توجہ ہٹانے کیلئے میرے خلاف غلط مقدمہ درج کیا ہے۔ سنجے نے الزام عائد کیا کہ میرے ساتھ پولیس کا برتاؤ انتہائی خراب تھا۔ یہ جانتے ہوئے کہ میں ایک رکن پارلیمنٹ ہوں اس کے باوجود میرے ساتھ پولیس کا برتاؤ خراب تھا۔

انہوں نے ریمارک کیا کہ چند پولیس آفیسرس‘ حکمراں جماعت کے مفاد میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی کے ہندی پیپر لیک کرنے والے شخص سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔