نکہت زرین کو عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل

ہندوستانی باکسر نکہت زرین نے خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں ملک کیلئے واحد گولڈ میڈل جیتا۔ 25 سالہ نکہت نے فلائی ویٹ زمرہ (52 کیلو گرام) کے فائنل میں تھائی لینڈ کی جوتاماس جیتپون کو شکست دی۔

استنبول: ہندوستانی باکسر نکہت زرین نے خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں ملک کیلئے واحد گولڈ میڈل جیتا۔ 25 سالہ نکہت نے فلائی ویٹ زمرہ (52 کیلو گرام) کے فائنل میں تھائی لینڈ کی جوتاماس جیتپون کو شکست دی۔

ہندوستان کی نوجوان باکسر نے یہ مقابلہ یکطرفہ انداز میں 5-0 سے جیتا۔ خواتین کی عالمی چمپئن شپ میں ہندوستان کو 4 سال بعد سونے کا تمغہ ملا ہے۔ اس سے قبل 2018 میں ایم سی میریکام نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ ہندوستان نے خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ کی تاریخ میں 10 واں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

ایم سی میریکام نے اکیلے 6 گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ ہندوستان نے اب تک 10 گولڈ، 8 سلور اور 19 برانز میڈل حاصل کیے ہیں۔ ہندوستان اس ایونٹ میں 37 تمغوں کے ساتھ تیسرا کامیاب ملک ہے۔ روس نے سب سے زیادہ 60 اور چین نے 50 تمغے جیتے ہیں۔

اس مقابلے میں ہندوستان کی بہترین کارکردگی 2006 میں رہی ہے جب ملک نے 4 گولڈ، ایک سلور اور 3 برانز کے بمشول 8 میڈلس جیتے تھے۔ نکہت نے باؤٹ کا آغاز شاندار طریقہ سے کیا اور 5-0 کے فرق سے پہلا راؤنڈ جیت لیا۔

دوسرے راؤنڈ میں تھائی باکسر نے واپسی کرتے ہوئے اسے 3-2 سے جیت کر باؤٹ میں واپسی کا اشارہ دیا۔ نکہت نے تیسرے راؤنڈ میں دوبارہ طاقت حاصل کی اور مجموعی طورپر 5-0 کے فرق سے مقابلہ جیت لیا۔ یہاں 5-0 کا مطلب ہے کہ میچ کے پانچوں لائن ججوں نے نکہت کو فاتح سمجھا۔

تبصرہ کریں

Back to top button