نیدر لینڈس کے وزیر اعظم سے مودی کی بات چیت

وزیر اعظم مودی نے لڑائی کے خاتمہ کے لیے ہندوستان کی مستقل اپیل کا اعادہ کیا اور بات چیت و سفارت کاری کے راستہ پر واپس آنے پر زور دیا ۔

نئی دہلی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نیدر لینڈس کے اپنے ہم منصب مارک روٹے سے بات چیت کی اور جنگ زدہ ملک یوکرین کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا ۔ وزارتِ خارجہ نے آج یہاں یہ بات بتائی ۔

دونوں قائدین نے یوکرین کی صورتِ حال پر بات چیت کی اور وہاں جاری انسانی بحران پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے لڑائی کے خاتمہ کے لیے ہندوستان کی مستقل اپیل کا اعادہ کیا اور بات چیت و سفارت کاری کے راستہ پر واپس آنے پر زور دیا ۔

انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری بات چیت کا خیرمقدم بھی کیا اور جلد کسی حل کے برآمد ہونے کی امید ظاہر کی ۔ مودی نے روٹے کو جنگ زدہ علاقوں سے ہندوستانی شہریوں کے تخلیہ میں پیشرفت کے بارے میں بتایا اور ہنگامی راحت سربراہی اور متاثرین کے لیے دواؤں وغیرہ کی شکل میں ہندوستان کی امداد سے واقف کرایا ۔

انہوں نے اپریل 2021ء میں وزیر اعظم روٹے کے ساتھ اپنے ورچول اجلاس کی یاد بھی تازہ کی ۔ انہوں نے ہندوستان میں روٹے کا جلد از جلد خیرمقدم کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی ۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button