واٹس ایپ پر کیا بلاک تو گرل فرینڈ نے دے دی جان

۔ پولیس نے بتایاکہ لڑکی کا نام پرنالی لوکارے ہے جس نے پیر کی صبح اپنے بوائے فرینڈ کے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی کیونکہ اُس نے لڑکی کا نمبر واٹس ایپ پر بلاک کردیا تھا۔

حیدرآباد: ممبئی میں ایک لڑکی نے صرف ایک اِس لئے خودکشی کرلی کیونکہ اُس کے بوائے فرینڈ نے اُسے واٹس ایپ پر بلاک کردیا تھا۔ شہر کے مضافات دہیسر میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایاکہ لڑکی کا نام پرنالی لوکارے ہے جس نے پیر کی صبح اپنے بوائے فرینڈ کے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی کیونکہ اُس نے لڑکی کا نمبر واٹس ایپ پر بلاک کردیا تھا۔

 نمبر بلاک کرنے کے بعد وہ بوائے فرینڈ کے گھر پہنچی اور اس مسئلہ میں دونوں میں جم کر لڑائی ہوئی۔ لڑائی کے بعد پرنالی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مزید بتایاکہ پرنالی کی اپنے 27 سالہ بوائے فرینڈ کے ساتھ گذشتہ 6 ماہ سے دوستی تھی۔ اتوار کی شام دونوں نے شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

تقریب کے بعد پرنالی نے بوائے فرینڈ سے خواہش کی کہ وہ رات اُس کے گھر گزرانا چاہتی ہے ، تاہم اُس نے اس کی یہ خواہش پوری نہیں کی اور اُسے اپنے گھر واپس جانے کی ہدایت دی۔ پرنالی گھر تو چلی گئی مگر جاتے ہی اُس نے بوائے فرینڈ کو فون کالس کرنے شروع کردیئے۔ فون پر اُس نے اصرار کیا کہ وہ اُس کے گھر آنا چاہتی ہے، مگر بوائے فرینڈ مسلسل انکار کرتا رہا۔

جب پرنالی ضد کرنے لگی تو اُس نے اُس کا نمبر واٹس ایپ پر بلاک کردیا۔ جب پرنالی نے دیکھا بوائے فرینڈ نے اُس کا نمبر بلاک کردیا ہے تو وہ سیدھے اُس کے گھر پہنچ گئی اور پوچھا کہ اُس نے اُس کا نمبر کیوں بلاک کیا۔ دونوں میں لڑائی ہوئی اور پرنالی کا بوائے فرینڈ گھر سے باہر نکل گیا ۔ جب وہ واپس آیا تو دیکھا کہ پرنالی اپنے دوپٹے سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی تھی اور اُس کی نعش چھت سے لٹک رہی تھی۔

پولیس نے بتایاکہ مقام واقعہ سے کوئی سوسائیڈ نوٹ دستیاب نہیں ہوا ہے اور ہم نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ دونوں کے موبائیل فون بھی ضبط کرلئے گئے۔

تبصرہ کریں

Back to top button