حیدرآباد

چیف منسٹر کے سی آر سے کمارا سوامی کی ملاقات

چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون میں جنوبی ہند کی ان دو ریاستوں کے اہم لیڈروں کی ملاقات جس کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے میں ملک کی سیاست اور دیگر امور پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حیدرآباد: ملک کی سیاست میں معیاری تبدیلی اور بی جے پی کے خلاف مہم میں سرگرم تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھرراو جو اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے مشن پر ہیں، سے آج حیدرآباد میں کرناٹک کے سابق چیف منسٹری کماراسوامی نے ملاقات کی۔

چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون میں جنوبی ہند کی ان دو ریاستوں کے اہم لیڈروں کی ملاقات جس کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے میں ملک کی سیاست اور دیگر امور پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان دونوں لیڈروں نے دوپہر کا کھانا بھی ایک ساتھ کھایا۔

ذرائع کے مطابق قومی سیاست میں وزیراعلی تلنگانہ کے داخل ہونے اور اس مقصد کے لئے قومی پارٹی قائم کرنے کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی کے جھنڈے اور ایجنڈے و دیگر امور اس ملاقات میں زیربحث آئے۔ چند دن پہلے چندرشیکھرراو نے بنگالورو میں سابق وزیراعظم دیوے گوڑا اور ان کے فرزند کمارا سوامی سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔

 کمارا سوامی کی آج کی ملاقات اسی کا حصہ سمجھی جارہی ہے۔ زعفرانی جماعت سے پاک ملک کے اپنے مشن کے سفر کے دوران حالیہ دنوں میں چندرشیکھرراو نے مختلف سیاسی لیڈروں سے دہلی اور دیگر مقامات پر ملاقات کی تھی۔ ان میں پٹنہ میں وزیراعلی نتیش کمار سے بھی ان کی ملاقات شامل تھی۔

آج کی اس ملاقات میں چندرشیکھرراو نے جے ڈی ایس لیڈر کمارا سوامی کے ساتھ قومی سیاست میں علاقائی جماعتوں کے رول، تلنگانہ کی ترقی پر بھی بات چیت کی۔

 2024ء کے انتخابات سے پہلے ہم خیال جماعتوں کو متحد کرنے چندرشیکھرراو کی مساعی کے پیش نظر یہ ملاقات کافی اہم بن گئی ہے۔ مرکز میں چندرشیکھرراو بی جے پی حکومت کے خلاف اتحاد بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔