ٹینک بنڈ کے 150سالہ پولیس آوٹ پوسٹ کی تزئین نو کا فیصلہ

محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات نے ٹینک بنڈ پر واقع قدیم گاندھی نگر پولیس اسٹیشن کی عمارت کی تزئین نو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات نے ٹینک بنڈ پر واقع قدیم گاندھی نگر پولیس اسٹیشن کی عمارت کی تزئین نو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پولیس اسٹیشن کی عمارت 150 سال قدیم ہے۔ یہ عمارت جو تاریخی اہمیت کی حامل ہے ٹینک بنڈ کی سیدھی جانب راہداری پر واقع ہے مگر اس وقت یہ زیر استعمال نہیں ہے۔

یہ عمارت پتھروں سے بنی ہوئی ہے اور اس میں پارکنگ علاقہ بھی ہے۔ ہیرٹیج کے شوقین اور آرکیٹکٹ آصف علی خان کی جانب سے ٹوئٹر پر اس عمارت کی تزئین نو کی تجویز پر اسپیشل چیف سکریٹری شہری ترقیات اروند کمار نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جواب دیا کہ وہ اس تجویز پر غور کریں گے اور کام کو آگے بڑھائیں گے۔

آصف علی خان نے اپنے ٹوئٹ میں برٹش وائسرائے کے قافلہ کی ایک قدیم تصویر جس میں یہ پولیس اسٹیشن نظر آرہا ہے پوسٹ کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے عمارت کی خستہ حالی کو ظاہر کرنے عمارت کی تازہ تصاویر بھی پوسٹ کی اور کہا کہ ٹینک بنڈ کی ایک 150 سالہ قدیم نادر تصویر سے ایک قدیم عمارت کی موجودگی ظاہر ہوتی ہے جو اب بھی موجود ہے۔

یہ تصویر برطانوی وائسرائے کی سکندرآباد آرمی کنٹونمنٹ کو روانگی کی ایک تصویر ہے جس کے پس منظر میں ایک چھوٹا سا ڈھانچہ نظر آرہا ہے جو اس وقت پولیس چیک پوسٹ تھا اور اب بھی ہے۔

انہوں نے اس عمارت کے لئے پتھروں کے خوبصورت انداز میں استعمال اور تین پتھروں کی کاریگری کی طرف نشان دہی کی جو گھوڑے کی نعل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔انہوں نے اس عمارت کی بحالی کی خواہش کی جس پر اروند کمار نے مثبت جواب دیا۔

تبصرہ کریں

Back to top button