بھارت

نیٹ یوجی 2022کے نتائج جاری راجستھانی طالبہ کو پہلا رینک

نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نیشنل ایلجبلٹی کم انٹرنس ٹسٹ انڈر گراجوایٹ (نیٹ) یو جی نتائج 2022 کے نتائج ویب سائٹ neet.nta.nic.in پر جاری کردیئے۔

حیدرآباد: نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نیشنل ایلجبلٹی کم انٹرنس ٹسٹ انڈر گراجوایٹ (نیٹ) یو جی نتائج 2022 کے نتائج ویب سائٹ neet.nta.nic.in پر جاری کردیئے۔

این ٹی اے نے نیٹ 2022 کے لئے زمرہ واری کٹ آف نتائج بھی جاری کردئیے ہیں۔ راجستھان کی تنیشکا نے کل ہند سطح پر (نیٹ) یو جی 2022 میں پہلا رینک حاصل کیا ہے جب کہ وتسا بترا اور ہریش کیش ناگابھوشن گنگولے نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ نیٹ 2022 کے لئے 715-717 رینج کے نشانات کامیابی کا نشان تھا۔

نیٹ یو جی 2022 اسکور کارڈ میں امیدوار کی شخصی تفصیلات، مضمون واری محصلہ نشانات، جملہ نشانات، آل انڈیا کوٹہ رینک اورتناسب کی صراحت ہے۔ جاریہ سال یوجی میڈیکل انٹرنس ایگزام 17‘جولائی کو منعقد ہوا تھا۔ ملک بھر میں تقریباً 16 لاکھ طلبہئ نے نیٹ یو جی 2022 امتحان میں شرکت کی تھی جس کے لئے 3,750 مراکز بنائے گئے تھے۔

جملہ 18,72,341امیدواروں نے انڈر گراجوایٹ میڈیکل انٹرنس ایگزام کے لئے رجسٹریشن کروایا تھا جن کے منجملہ 16,14,777 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی تھی۔ نیٹ 2022 کی اساس پر 612 میڈیکل اور 317 ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی91,927، بی ڈی ایس کی 52,720، اے وائی ایس ایچ کی52,720 نشستیں اور بی وی ایس سی اینڈ اے ایچ کی 603 نشستوں پر داخلے دئیے جائیں گے۔

جن امیدواروں نے نیٹ یو جی 2022 نتائج میں کامیابی حاصل کی ہے انہیں نیٹ کونسلنگ سیشن میں حصہ لینا ہوگا جس کا اہتمام میڈیکل کونسلنگ کمیٹی 15فیصد آل انڈیا کوٹہ کی نشستوں کے لئے کرے گی، 85 فیصد ریاستی کوٹہ کی نشستوں کے لئے کونسلنگ متعلقہ ریاستوں کی کونسلنگ اتھاریٹیز کریں گی۔