پنجاب کے نئے چیف منسٹر بھگونت مان کا زبردست روڈ شو، کجریوال کی شرت

یہ روڈ شو رائے دہندوں کا شکریہ اداکرنے اور پنجاب اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی شاندار جیت کا جشن منانے کیلئے کیاگیا۔ 117 رکنی پنجاب اسمبلی میں عام آدمی پارٹی نے 92 نشستیں جیتی ہیں۔ روڈ شو کچہری چوک سے شروع ہوا۔

امرتسر: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروندکجریوال اور پنجاب کے نئے چیف منسٹر بھگونت مان نے امرتسر میں اتوار کے دن اپنی پارٹی کے روڈ شو کی قیادت کی۔ یہ روڈ شو رائے دہندوں کا شکریہ اداکرنے اور پنجاب اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی شاندار جیت کا جشن منانے کیلئے کیاگیا۔ 117 رکنی پنجاب اسمبلی میں عام آدمی پارٹی نے 92 نشستیں جیتی ہیں۔ روڈ شو کچہری چوک سے شروع ہوا۔

 عام آدمی پارٹی حامیوں نے کجریوال اور مان پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔ یہ دونوں قائدین کھلی گاڑی میں کھڑے تھے۔ نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی روڈ شو میں حصہ لیا۔ ترنگا اور پارٹی کا پرچم تھامے عام آدمی پارٹی حامیوں میں کئی بزرگ اور عورتیں شامل تھیں جو روڈ شودیکھنے کیلئے ریاست کے مختلف حصوں سے امرتسر آئی تھیں۔

 فریدکوٹ سے آنے والے نوجوان جیتو نے کہا کہ ہم بے حد خوش ہیں کہ عام آدمی پارٹی برسرِ اقتدار آئی ہے۔ پنجاب اب پھر سے خوشحال ریاست بن جائے گی۔ اجنالہ سے امرتسر آنے والے ایک اورپارٹی حامی نے کہا کہ لوگ روایتی سیاسی جماعتوں سے تنگ آچکے تھے۔ انہیں عام آدمی پارٹی کی شکل میں امید کی کرن دکھائی دی کہ یہ جماعت پنجاب کو نئی سمت عطا کرے گی۔

 قبل ازیں کجریوال نے مان کے ساتھ سنہری گردوارہ (گولڈن ٹمپل) میں ماتھا ٹیکا۔ انفارمیشن سنٹر میں موجود شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی(ایس جی پی سی) عہدیداروں نے دونوں کو سروپا پیش کیا۔ کجریوال اور مان نے جلیان والا باغ میموریل میں بھی گلہائے عقیدت پیش کئے۔ یہ دونوں درگیانا مندر اور رام تیرتھ مندر بھی گئے۔

 چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال اپنے نائب منیش سسوڈیا (ڈپٹی چیف منسٹر) کے ساتھ امرتسر پہنچے۔ ایرپورٹ پر بھگونت مان نے ان کا خیر مقدم کیا۔ سینئر قائد راگھوچڈھا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 16 مارچ کو بھگونت مان کی تقریب حلف برداری کھٹکرکلاں میں منعقد ہوگی۔ یہ گاؤں مجاہدآزادی بھگت سنگھ کا آبائی موضع ہے اور ضلع نواں شہر میں واقع ہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button