پولیس کی بروقت کارروائی نے ماں کو بچھڑے ہوئے بچوں سے ملادیا

 اندھیری اسٹیشن پر دو خواتین لوکل ٹرین میں سوار ہوئیں اور دونوں پریشان اور رورہی تھیں۔ پی ایس آئی کے استفسار پر خاتون سونی سونگھ نے کہا کہ وہ اپنے چار بچوں اور ساس کے ساتھ باہر نکلی تھی۔

تھانے: پولیس اہلکاروں کی بروقت مدد نے ایک خاتون کو اپنے چار بچھڑے ہوئے بچوں سے ملادیا جن کی عمر چھ تا گیارہ سال بتائی گئی۔ یہ بچے ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر لوکل ٹرین پر سوار ہوگئے تھے مگر بہت زیادہ رش ہونے کی وجہ سے ماں ٹرین میں سوار نہیں ہوسکی۔

 یہ واقعہ 26/ جنوری کو پیش آیا۔ پولیس انسپکٹر (پی ایس آئی) اُجول ارکے میرابھائندر سوائی ورار (ایم بی وی وی) پولیس کے عہدیداروں کے اس گروپ کا حصہ تھے جو یوم جمہوریہ پر میرا روڈ سے گیٹ وے آف انڈیا سائکلنگ کیلئے نکلے تھے۔ واپسی کے سفر کیلئے وہ چرچ گیٹ اسٹیشن سے میرا روڈ لوکل ٹرین میں سوار ہوئے۔

 اندھیری اسٹیشن پر دو خواتین لوکل ٹرین میں سوار ہوئیں اور دونوں پریشان اور رورہی تھیں۔ پی ایس آئی کے استفسار پر خاتون سونی سونگھ نے کہا کہ وہ اپنے چار بچوں اور ساس کے ساتھ باہر نکلی تھی۔ اندھیری اسٹیشن پر ورار جانے والی لوکل ٹرین میں خاتون نے اپنے بچوں کو پہلے چڑھادیا کیوں کہ بے حد ہجوم تھا۔

 تاہم وہ اور ساس ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے ہی ٹرین نکل پڑی۔ خاتون نے کہا کہ وہ اور اس کی ساس نہیں جانتے کہ ان کے بچوں کو کیسے تلاش کیا جائے۔ مسئلہ سننے پر پی ایس آئی نے اپنے موبائیل فون سے فوری ریلوے کنٹرول روم اور گورنمٹ ریلوے پولیس سے رابطہ کیا اور انہیں اس واقعہ کی اطلا ع دی۔ لوکل ٹرین کے تمام ریلوے اسٹیشنوں کی پولیس کو اطلاع دی گئی اور تلاش شروع کردی گئی۔

بعد ازاں پولیس ٹیم نے بوریولی اسٹیشن پر بچوں کو بغیر سرپرست کے سفر کرتے دیکھا۔ پولیس اہلکاروں نے انہیں اپنے ساتھ لیا اور اسٹیشن پر خاتون کی آمد کاانتظار کیا جو جلد ہی اپنی ساس کے ساتھ وہاں پہنچ گئی۔ بچوں کو ان کے حوالے کردیا گیا۔ ایم بی وی وی پولیس کمشنریٹ کے سینئر عہدیداروں نے بچھڑے ہوئے بچوں کو ماں سے ملوانے میں مدد کرنے پر پولیس عہدیدار کی ستائش کی۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button