شمالی بھارت

راجستھان کے الور میں ہجومی تشدد‘ ایک شخص ہلاک

راجستھان کے الور میں ایک واقعہ میں جسے ہجومی تشدد کا واقعہ کہا جاسکتا ہے‘ گووند گڑھ ٹاؤن کے موضع رام باس میں 20 تا 25 افراد نے 45 سالہ چرنجی لال کو شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں اس کی جان چلی گئی۔

جئے پور: راجستھان کے الور میں ایک واقعہ میں جسے ہجومی تشدد کا واقعہ کہا جاسکتا ہے‘ گووند گڑھ ٹاؤن کے موضع رام باس میں 20 تا 25 افراد نے 45 سالہ چرنجی لال کو شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں اس کی جان چلی گئی۔

اس کی چیخیں سن کر کھیت میں لوگ دوڑپڑے جہاں وہ بے ہوش پڑا پایا گیا۔ ملزمین قریب میں موجود تھے اور چرنجی لال پر ٹریکٹر چوری کرنے کا الزام لگارہے تھے۔ ملزمین نے خود پولیس کو بلایا۔ پولیس کے وہاں پہنچنے تک قاتلوں اور دیہاتیوں میں بحث تکرار جاری تھی۔

پولیس چرنجی لال کو پہلے مقامی دواخانہ لے گئی اور بعدازاں جئے پور ہاسپٹل لے جایا گیا۔ دواخانہ سے جب نعش اس کے موضع لائی گئی تو اس کے گھر میں افراتفری کا ماحول تھا۔ دیہاتیوں نے راستہ روک احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

انہوں نے 50 لاکھ روپے معاوضہ‘ مرنے والے کے کسی ایک رکن خاندان کو نوکری اور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علاقہ میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ گووند گڑھ مارکٹ میں بند منایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر چرانے کے بعد چور فرار ہوگئے تھے۔ ٹریکٹر مالکین نے پولیس اور دیہاتیوں کے ساتھ ان کا پیچھا کیا تھا۔