چیف منسٹرکی دعوت افطار کے نقائص سے پاک انتظامات : کوپالا ایشور

ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کوپالا ایشور نے کہا کہ دعوت افطار کے اہتمام کا مقصد مسلم برادران کے ساتھ کچھ وقت گذارتے ہوئے انہیں یہ پیغام دینا ہے کہ حکومت ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح وبہبود کے لئے سنجیدہ ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں تلنگانہ، عظیم سیکولر ریاست میں تبدیل ہوگیا ہے۔

لال بہادر اسٹیڈیم میں 29 / اپریل کو منعقدشدنی چیف منسٹر کی دعوت افطار کیلئے جاری انتظامات کا آج معائنہ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام مذاہب کے تہواروں اور عیدوں کا احترام کرتی ہے اور تمام تہواروں اور عیدوں کا سرکاری سطح پر اہتمام کیا جاتا ہے۔

حکومت کا مقصد عوام کے چہروں پر خوشیاں دیکھنا اور اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذہب، ذات پات کابھید بھاؤکئے بغیر تمام عوام کی ترقی، خوشحالی کے لئے بے مثال اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کوپالا ایشور نے کہا کہ دعوت افطار کے اہتمام کا مقصد مسلم برادران کے ساتھ کچھ وقت گذارتے ہوئے انہیں یہ پیغام دینا ہے کہ حکومت ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح وبہبود کے لئے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دعوت افطار میں چیف منسٹر کا بینی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی وکونسل کے علاوہ شہر کے ذی اثر اشخاص اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

انہوں نے عہدیداروں کو نقائص سے پاک بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر سابق صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ محمد سلیم، مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی امور اے کے خان و دیگر موجود تھے۔

تبصرہ کریں

Back to top button