چین میں طیارہ حادثہ، 132مسافرین کا حشر نامعلوم

ایک چینی مسافر بردار طیارہ جس میں 132 افراد سفر کررہے تھے، پیر کے دن جنوبی گوانگ شی زوہانگ خوداختیار علاقہ میں گرکر تباہ ہوگیا۔ علاقائی محکمہ ایمرجنسی نے یہ بات بتائی۔

بیجنگ: ایک چینی مسافر بردار طیارہ جس میں 132 افراد سفر کررہے تھے، پیر کے دن جنوبی گوانگ شی زوہانگ خوداختیار علاقہ میں گرکر تباہ ہوگیا۔ علاقائی محکمہ ایمرجنسی نے یہ بات بتائی۔

چائنا ایسٹرن ایرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ جس نے کنمنگ تا گوانگ زو اڑان بھری تھی‘ ووزو شہر کی ٹینگ شیانگ کاؤنٹی میں گرپڑا۔ پہاڑ پر آگ لگ گئی۔ طیارہ میں 132 افراد (123 مسافرین اور 9 ارکان عملہ) سوار تھے۔

چین کے شہری ہوابازی اڈمنسٹریشن نے اپنی ویب سائٹ پر یہ اطلاع دی۔ بچاؤ کارکن مقام حادثہ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ حادثہ کے بعد ویڈیوز اور تصاویر سوشیل میڈیا پر گردش کرنے لگیں جن میں ایک پہاڑی سے دھواں اٹھتا اور نیچے طیارہ کا ملبہ پڑا دیکھا جاسکتا ہے۔

چائنا ایسٹرن ایرلائن چین کی 3 بڑی ایرلائنس میں ایک ہے۔ ووزو فائر بریگیڈ نے 23 فائر ٹرکس کے ساتھ 117 فائر فائٹر بھیجے ہیں۔ گوانگ زو کے دیگر حصوں سے 538 فائر فائٹرس بھیجے گئے ہیں۔ آگ بجھادی گئی اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چینی صدر شی جنپنگ نے کہا کہ انہیں اس حادثہ کی خبر سن کر صدمہ ہوا۔ انہوں نے بڑے پیمانہ پر ریسکیو آپریشن چلانے کا حکم دیا۔

اسی دوران چائنا ایسٹرن ایرلائنس نے آج کے حادثہ کے بعد اپنے تمام بوئنگ 737-800طیارے گراؤنڈ کردیئے ہیں یعنی یہ طیارے اب اڑان نہیں بھریں گے۔ ایرلائن نے اپنی ویب سائٹ کے ہوم پیج کو بلیک اینڈ وائٹ کردیا۔ وہ ہلاکتوں کا اعلان کرنے والی ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button