کانگریس اقتدار میں آنے پر2لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ:ریونت ریڈی

حیدرآباد:صدر ٹی پی سی سی ورکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس اقتدار میں آنے پر پہلے ہی سال2لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ریاست میں 91,142جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے چیف منسٹر کے سی آر کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ پی آر سی کی جانب سے قائم کردہ بسوال کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں 1.91لاکھ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی تھی۔

صدر ٹی پی سی سی نے سوال کیا کہ ماباقی 1 لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا کے سی آر نے تذکرہ کیوں نہیں کیا؟ریونت ریڈی آج پارلیمانی حلقہ ملکاجگری میں کانگریس ڈیجیٹل ممبر شپ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے آج صرف 80ہزار جائیدادوں کا تقررات کو ذکر کیا اور 11ہزار آؤٹ سورسنگ کی حیثیت سے بھرتی کرنے کا وعدہ کیا۔

کانگریس قائد نے کہا کہ کے سی آر بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں اگر انہیں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات میں سنجیدگی ہے تو وہ فوری طورپراعلامیہ جاری کریں۔ سابق میں کئے گئے اعلانات پرکے سی آر حکومت آج تک عمل نہیں کیا۔ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے صلاح کار پرشانت کشور کی ہدایت پر طوطے کی طرح بول رہے ہیں جو بہار سے یہاں آکر کے سی آر کو مشورے دے رہے ہیں۔

صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر اچھے دن آئیں گے۔جو بھی تلنگانہ کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں ان کی خدمات کا انہیں بہتر صلہ دیاجائے گا۔اسمبلی حلقہ ملکاجگری میں 52 ہزارممبر شپ کی تکمیل پر پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس کی رکنیت سازی بڑھ کر45لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔45لاکھ کے ساتھ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔

Back to top button