کانگریس کا 31 مارچ سے مہنگائی مکت بھارت ابھیان

کانگریس نے ہفتہ کے دن اعلان کیا کہ وہ بڑھتی مہنگائی کے خلاف 31 مارچ تا 7 اپریل 3 مرحلوں میں ”مہنگائی مکت بھارت ابھیان“ چلائے گی۔

نئی دہلی: کانگریس نے ہفتہ کے دن اعلان کیا کہ وہ بڑھتی مہنگائی کے خلاف 31 مارچ تا 7 اپریل 3 مرحلوں میں ”مہنگائی مکت بھارت ابھیان“ چلائے گی۔

اس ابھیان کے تحت ملک بھر میں ریالیاں نکالی جائیں گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری و ترجمان ِ اعلیٰ رندیپ سنگھ سرجے والا نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کے 3 مرحلے ہوں گے۔

پہلے مرحلہ میں کانگریس ورکرس اور عوام 31 مارچ کو اپنے مکانوں کے باہر اور عام مقامات پر احتجاج کریں گے۔ پکوان گیس سلنڈروں کو ہار پہنائے جائیں گے۔ ڈھول اور گھنٹیاں بجائی جائیں گی تاکہ بہری بی جے پی حکومت کو جگایا جائے۔

2 اپریل تا 4 اپریل کانگریس غیرسرکاری تنظیموں‘ مذہبی اورسماجی تنظیموں کو ساتھ لے کر ضلع سطح پر دھرنے دے گی اور جلوس نکالے گی۔

7 اپریل کو مہنگائی مکت بھارت دھرنے دیئے جائیں گے اور تمام ریاستوں کے دارالحکومتوں میں جلوس نکالے جائیں گے۔ سرجے والا نے کہا کہ گزشتہ 5 دن میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 3روپے 20 پیسے بڑھ گئی ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button