کانگریس کے سینئر قائدین کے اجلاس پر پارٹی ہائی کمان برہم

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے سینئر قائدین کے مشاورتی اجلاس پر پارٹی ہائی کمان نے برہمی کا اظہار کیا۔

سکریٹری کل ہند کانگریس کمیٹی بوس راجو نے کانگریس کے سینئر قائدین کو فون کرتے ہوئے اجلاس کے انعقاد پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ اگر کسی قائد کو کسی سے شکایت یا اعتراض ہے تو وہ راست طور پر اپنے مسئلہ کو سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کے سامنے رکھ سکتا ہے۔

بوس راجو نے کہا کہ اس کے برخلاف اس طرح کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کو پریشانی میں ڈالنا، مسائل کھڑے کرنا غیر مناسب بات ہے۔ واضح رہے کہ آج11بجے دن کانگریس کے سینئر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے انعقاد کا مقصد صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی کے انداز کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کرنا تھا۔

پہلے بھی پارٹی کے سینئر قائد مری ششی دھر ریڈی کی قیامگاہ پر ایسا ہی ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس کے بعد ریونت ریڈی اور انچارج ٹی پی سی سی مانیکیم ٹیگور کے رویہ کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کرنا طئے پایا تھا۔

سینئر قائدین کا مطالبہ ہے کہ اے ریونت ریڈی کو ٹی پی سی سی کی صدارت سے ہٹا کر شروع سے کانگریس میں موجود قائد کو صدر بنایا جانا چاہئے۔

Back to top button