شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

پل کے نیچے طیارہ پھنس گیا، دیکھنے کیلئے عوام کا ہجوم اُمڈپڑا

پل کے نیچے نازک حالت میں کھڑا طیارہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جس کے باعث تماشائیوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ لوگ جمع ہو گئے اور اس منظر کی تصویریں اور ویڈیو بنانے لگے۔

پٹنہ: بہار کے موتیہاری کی سڑکوں پر جمعہ کو ایک عجیب منظر دیکھا گیا، جب ایک طیارہ ایک پل کے نیچے پھنس گیا، جس سے لوگوں کو ٹریفک میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹوٹا ہوا طیارہ ایک ٹریلر ٹرک پر ممبئی سے آسام لے جایا جا رہا تھا کہ پپرا کوٹھی علاقہ میں ایک اوور برج کے نیچے پھنس گیا، جس سے ٹریفک ٹھپ ہو گئی۔

پل کے نیچے نازک حالت میں کھڑا طیارہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جس کے باعث تماشائیوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ لوگ جمع ہو گئے اور اس منظر کی تصویریں اور ویڈیو بنانے لگے۔

اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں پھنسے ہوئے پیدل چلنے والے اور موٹرسائیکل سوار باہر نکلنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں کیونکہ طیارہ سڑک کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے چکا تھا۔ ویڈیو میں، NH 27 پر گاڑیوں کی ایک لائن نظر آ رہی ہے، جس میں پپرا کوٹھی پل کے نیچے سے ایک ٹریلر ٹرک سے ہوائی جہاز نکل رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس لیے پیش آیا کیونکہ ٹرک ڈرائیور نے پل کی اونچائی کا غلط اندازہ لگایا اور سوچا کہ وہ اس کے نیچے سے گزر سکتا ہے۔ طیارے اور لاری کو بحفاظت نکال کر ان کی منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ نومبر 2022 میں آندھرا پردیش میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب آندھرا پردیش کے باپٹلا ضلع میں ایک سڑک انڈر پاس پر ایک طیارہ پھنس گیا تھا۔