کرناٹک

کرناٹک میں ٹیپو سے محبت کرنے والے نہیں رہ سکتے، ریاست صرف رام اور ہنومان بھکتوں کے لئے ہے: بی جے پی

نلین کمار نے بظاہر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم رام اور ہنومان کے بھکت ہیں، ہم ٹیپو کی اولاد نہیں ہیں؛ ہم ٹیپو کی اولاد کو گھر واپس بھیج دیں گے۔

بنگلور: کرناٹک اسمبلی انتخابات کو ٹیپو بمقابلہ ساورکر قرار دینے کے بعد بی جے پی کرناٹک کے صدر نلین کمار کٹیل نے ایک نیا شوشہ چھوڑتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رام اور ہنومان کو ووٹ دے کر ’’ٹیپو سلطان کی اولادوں‘‘ کو یہاں سے باہر بھگادیں۔

نلین کمار نے بظاہر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم رام اور ہنومان کے بھکت ہیں، ہم ٹیپو کی اولاد نہیں ہیں؛ ہم ٹیپو کی اولاد کو گھر واپس بھیج دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ہنومان کی سرزمین پر چیلنج کرتا ہوں، جو لوگ ٹیپو سے محبت کرتے ہیں وہ یہاں نہ رہیں، جو لوگ رام بھجن کرتے ہیں اور ہنومان کی پوجا کرتے ہیں، وہ یہیں رہیں گے۔

قبل ازیں نلین کمار نے پارٹی کیڈرس پر زور دیا تھا کہ وہ سڑک اور سیوریج کے مسائل پر توجہ نہ دیں بلکہ لو جہاد پر توجہ مرکوز کریں۔

کرناٹک کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر اشوتھ نارائن نے سدارامیا کا موازنہ ٹیپو سلطان سے کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کو اقتدار نہیں دیا گیا تو ’’ٹیپو سدارامیا‘‘ کو حکومت مل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا وہی حشر کیا جانا چاہئے جس کا سامنا ٹیپو سلطان کو اُڑی گوڑا اور نانجے گوڑا کے ہاتھوں ہوا تھا۔