کولکتہ کتاب میلہ میں سرقہ کے الزام میں بنگالی اداکارہ گرفتار

اداکارہ روپا دتا کو بین الاقوامی کولکتہ کتاب میلہ میں مبینہ طورپر توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کولکتہ: اداکارہ روپا دتا کو بین الاقوامی کولکتہ کتاب میلہ میں مبینہ طورپر توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

روپا دتا جنہوں نے کئی ٹی وی سیریلوں میں کام کیا ہے، اُنہیں ہفتہ کے روز اُس وقت گرفتار کرلیا گیا جب ایک پولیس ملازم نے اُنہیں اپنا پرس کچرہ دان میں پھینکتے ہوئے دیکھا۔ بدھان نگر نارتھ پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔

بعد ازاں اُنہیں حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی گئی جس کے دوران اُن کے جواب متضاد پائے گئے۔ عہدیدار نے بتایاکہ تلاشی کے دوران ان کے بیاگ سے کئی پرسس اور 75 ہزارروپئے کی نقد رقم برآمد ہوئی۔

عہدیدار نے کہاکہ اِس خاتون کو ”کیپ ماری“ (توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے)کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ پتہ چلایاجاسکے کہ آیا اِس جرم میں مزید کئی لوگ ملوث ہیں۔

قبل ازیں روپا دتا اُس وقت ایک تنازعہ کا شکار ہوگئی تھیں جب اُنہوں نے فلم ساز انوراگ کشیپ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔

تبصرہ کریں

Back to top button