آندھراپردیش

اے پی اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم ارکان اسمبلی میں تصادم

اسی وقت وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی بھی پوڈیم کی طرف بڑھ گئے جہاں دونوں جماعتوں کے ارکان ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے جس کے سبب تقریبا نصف گھنٹہ تک ایوان میں گڑبڑکی صورتحال دیکھی گئی۔

حیدرآباد: آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کے پوڈیم کے قریب حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس اور اپوزیشن تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کا تصادم ہوگیا۔

تلگودیشم ارکان، جی او ایم ایس 1کے خلاف پارٹی کی جانب سے پیش کردہ تحریک التوا کو قبول کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ گئے۔

اسی وقت وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی بھی پوڈیم کی طرف بڑھ گئے جہاں دونوں جماعتوں کے ارکان ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے جس کے سبب تقریبا نصف گھنٹہ تک ایوان میں گڑبڑکی صورتحال دیکھی گئی۔

بعد ازاں تلگودیشم کے رکن اسمبلی بالاویرانجئے سوامی نے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں کو بتایا کہ ان پر وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی سدھاکربابو اور ایلجا نے اسپیکر کی موجودگی میں حملہ کیا۔

سوامی نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت کے دو ارکان اسمبلی نے ان کی پٹائی کردی۔انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ ان ارکان اسمبلی کو گرفتار کیاجائے۔

تلگودیشم کے ڈپٹی فلورلیڈر کے اچن نائیڈو نے کہاکہ75سالہ جی بچیا چودھری جو 6مرتبہ رکن اسمبلی رہے ہیں،کو وائی ایس آرکانگریس کے رکن اسمبلی وی سرینواس نے ایوان میں دھکیل دیا۔

اچن نائیڈو نے مطالبہ کیا کہ اسپیکرمکمل ویڈیو اس معاملہ کی جاری کریں تاکہ عوام کو یہ معلوم ہو کہ اسمبلی میں کیا ہوا اور کس طرح تلگودیشم کے رکن اسمبلی سوامی پر حملہ کیاگیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی نے تلگودیشم ارکان اسمبلی سے بدکلامی بھی کی۔اسی دوران وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی نے دو ارکان اسمبلی کی جانب سے حملہ سے متعلق تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کی جانب سے لگائے گئے الزام کی تردید کی۔