کے سی آر کو قلب کا کوئی مسئلہ نہیں، ڈاکٹرس کا بیان

حیدرآباد: بائیں بازو میں کمزوری اور درد کی شکایت کے بعد، تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کو طبی معائنہ کروایا، جس سے معلوم ہوا کہ انہیں دل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کے ذاتی معالج نے یہ بات بتائی۔

چیف منسٹر کے سی آر جنہوں نے یہاں سوماجی گوڈا کے یشودا ہاسپٹل میں چند گھنٹے گزارے، ڈاکٹروں کی جانب سے دوائیں تجویز کرنے اور انہیں ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دینے کے بعد اپنی سرکاری رہائش گاہ واپس لوٹ گئے۔

وزیراعلیٰ کے ذاتی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ نے بتایا کہ انجیوگرام ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ انہیں دل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو میں درد اعصاب پر دباؤ کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

چیف کارڈیالوجسٹ پرمود کمار نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر راؤ کے ساتھ بائیں بازو میں کمزوری اور درد کی شکایت کے بعد چیف منسٹر سے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے کچھ دوائیں دی ہیں اور ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ایک ہفتے کے بعد وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گے-۔

اس موقع پر کے سی آر کے ساتھ ان کی اہلیہ شوبھا راؤ، بیٹا اور کابینی وزیر کے ٹی راما راؤ، بیٹی اور رکن کونسل کے کویتا اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔

Back to top button