جرائم و حادثات

ایرپورٹ حکام کودھمکی آمیزفرضی ای میل روانہ کرنے والاملزم گرفتار

آرجی آئی اے پولیس نے آئی ٹی کے ایک سابق ملازم کوگرفتار کرلیاجس پرایرپورٹ پر بم نصب ہونے اورہوائی جہازوں کے اغوا سے متعلق فرضی ای میل ایرپورٹ حکام کوروانہ کرنے کاالزام ہے۔

شمس آباد: آرجی آئی اے پولیس نے آئی ٹی کے ایک سابق ملازم کوگرفتار کرلیاجس پرایرپورٹ پر بم نصب ہونے اورہوائی جہازوں کے اغوا سے متعلق فرضی ای میل ایرپورٹ حکام کوروانہ کرنے کاالزام ہے۔

آر جی اے شمس آباد کے انسپکٹربالراجو نے میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ ایرپورٹ حکام کو جمعرات اور اتوار کے روز ایک دھمکی آمیز ای میل وصول ہواتھا جس میں ملزم نے ایرپورٹ میں بم نصب اور طیاروں کے اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے فوری بعد ایرپورٹ اور تلنگانہ پولیس اورمرکزی ایجنسیاں الرٹ ہوگئی تھیں۔

پولیس نے اس معاملہ میں ملزم34 سالہ ویئبھو تیواری سابق آئی ٹی ملازم متوطن بنگلورو کو آج گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر بال راجونے مزید بتایا کہ ملزم نے سال 2012 سے سال 2020تک آئی ٹی شعبہ میں کام کیاتھا۔

کوویڈ وباء کے دوران وہ بیمار ہوگیا تھاجس کے باعث اس کی نوکری چلی گئی۔ ملزم ویئبھوتیواری نے آرجی آئی ایرپورٹ کودھمکی آمیز پیغامات بھیجنا شروع کیا اس نے جمعرات اوراتوار کوفرضی ای میل روانہ کرتے ہوئے شمس آباد ایرپورٹ کودھمکی دی جس سے ہوائی اڈے پر خوف وہراس کا ماحول پھیل گیاتھا۔

شمس آباد ڈی سی پی کے نارائن ریڈی کی نگرانی میں ملزم ویئبھوکوبنگلور سے لیاپ ٹاپ اورسل فون سمیت گرفتار کرلیا گیا۔