تعلیم و روزگار

نرمل: سائنس فیئر اور انسپائر مقابلہ جات، آٹو میٹک اسٹریٹ لائٹس آن آف پراجیکٹ کو انعام اول، ضلع کلکٹر مشرف فاروقی نے دیا ایوارڈ

انہوں نے اپنے خطاب میں سائنس فیئر اور انسپائر میں حصہ لینے والے اور مشاہدہ کیلئے آنے والے طلباء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کے ذریعہ طلباء کی تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

نرمل: نرمل مستقر کے سینٹ تھامس ہائی اسکول میں 24 تا 26 نومبر منعقدہ سائنس فیئر اور انسپائر مقابلہ جات کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ اختتامی تقریب میں ضلع کلکٹر نرمل مشرف فاروقی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور خطاب کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں سائنس فیئر اور انسپائر میں حصہ لینے والے اور مشاہدہ کیلئے آنے والے طلباء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کے ذریعہ طلباء کی تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد اس بات کو اجاگر کرنا بھی ہونا چاہئے کہ کس طرح سائنس کے ذریعہ عام زندگی تبدیل ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس اور ٹکنالوجی کے ذریعہ سماج میں غیر معمولی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے اساتذہ کو طلبا کےدرمیان سائنسی سونچ وفکر کو پروان چڑھانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے واضح کیاکہ حالیہ دنوں میں پہلی مرتبہ تلنگانہ کے طلباء نے سیٹلائٹ لانچ کیا ہے۔ نرمل کلکٹر نے مزید کہاکہ آج ہر کوئی انجینئر، ڈاکٹر، سائنٹسٹ بننا چاہتا ہے، اسی لئے طلباء کو سائنسی سونچ کو اختیار کرتے ہوئے آگے بڑھنے چاہئے۔

کلکٹر نے جاریہ سال دسویں جماعت کے نتائج میں نرمل ضلع کو ریاستی سطح پر سرفہرست لانے پر زور دیا۔

اس موقع پر کلکٹر مشرف فاروقی کے ہاتھوں انسپائر مقابلہ جات میں پہلا مقام حاصل کرنے والے گورنمنٹ ہائی اسکول، مدینہ کالونی بھینسہ کے فیصل خان کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے گائیڈ ٹیچرس سید سرفراز اور ایس اے میتھیوس کی رہنمائی میں آٹو میٹک اسٹریٹ آن آف، بائی موبائل مسیج پراجیکٹ تیار کیا تھا۔

اس کے بعد ایڈیشنل کلکٹر ہیمنت بورکھڑے اور ایڈیشنل کلکٹر رام بابو نے اختتامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں زرین مشوروں سے نوازا۔ اسی طرح 16 نوجوان سائنس دانوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ سائنس فیئر کیلئے منتخب ہونے والے دو زمروں جیسے جونیئر اور سینئر  طلباء کو بھی انعامات سے سرفراز کیاگیا۔

قبل ازیں ضلع مہتمم تعلیمات ڈاکٹر اے رویندر ریڈی نے کلکٹر مشرف فاروقی کا خیرمقدم کیا۔ تقریب میں اساتذہ تنظیموں کے قائدین جیسے میوا صدر شیخ شبیر علی، سرپرست اعلی مسیح الدین، پی آر ٹی یو صدر رمنا راؤ اور جنرل  سیکریٹری نریندر بابو، ایس ٹی یو صدر گجیندر، جنرل سکریٹری کے لکشمن، ٹی یو ٹی ایف صدر لکشمی پرساد ریڈی، جنرل سیکریٹری ٹی روی کانت، ایس ٹی یو جنرل سیکرٹری ناگا بھوشن اور دیگر قائدین کے علاوہ طلباء و اولیائے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کی طرح اختتامی تقریب میں بھی طلبا و طالبات کی جانب سے تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس پیش کئے گئے۔