ہم بہت جلد ممبئی پہنچ جائیں گے: ایکناتھ شنڈے

شنڈے نے کہا کہ ہم شیوسینا میں ہیں اور پارٹی کو آگے لے جائیں گے۔ ہم بال ٹھاکرے کے ہندوتوا کو آگے لے جارہے ہیں اور اس پر کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ دیپک کیسرکر ہمارے ترجمان ہیں وہ آپ کو ہمارے موقف کے تعلق سے اَپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔

گوہاٹی: باغی شیوسینا رکن اسمبلی ایکناتھ شنڈے نے منگل کے دن کہا کہ وہ عنقریب ممبئی میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ 50  ارکان اسمبلی ہیں جو اپنی مرضی سے یہاں آئے ہیں۔ گوہاٹی میں ریڈیسن بلو ہوٹل کے باہر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم شیوسینا کے ساتھ ہیں اور میں بہت جلد ممبئی آؤں گا۔

 ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ یہاں 50  ارکان اسمبلی اپنی مرضی سے آئے ہیں۔ کسی کو بھی یہاں دباکر نہیں رکھا گیا ہے‘ ہر کوئی خوش ہے۔ ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ گوہاٹی کی ہوٹل میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میں شیوسینا کا اگر یہ دعویٰ ہے کہ گوہاٹی میں موجود ارکان اسمبلی اس سے ربط میں ہیں تو اسے چاہئے کہ وہ ان کے نام بتائے۔

شنڈے نے کہا کہ ہم شیوسینا میں ہیں اور پارٹی کو آگے لے جائیں گے۔ ہم بال ٹھاکرے کے ہندوتوا کو آگے لے جارہے ہیں اور اس پر کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ دیپک کیسرکر ہمارے ترجمان ہیں وہ آپ کو ہمارے موقف کے تعلق سے اَپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔

 ہم آپ کو اپنا مستقبل کا لائحہ عمل بتائیں گے۔ اسی دوران باغی رکن اسمبلی سداسارونکر نے بھی توثیق کی کہ ایکناتھ شنڈے بہت جلد گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری سے ملنے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلور ٹسٹ اسی ہفتہ ہوسکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے بموجب تمام 9 باغی وزرا کو قلمدان سے محروم کرنے کے ایک دن بعد پارٹی صدر اُدھو ٹھاکرے صلح صفائی کے موڈ میں دکھائی دیئے۔ انہوں نے منگل کے دن گوہاٹی میں مقیم ناراض گروپ سے اپیل کی کہ وہ ممبئی لوٹ آئے اور ان سے بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی زیادہ دیر نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناراض گروپ اگر لوٹ آئے اور میرا سامنا کرے تو کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔ پارٹی صدر اور کنبہ کا سربراہ ہونے کے ناطہ مجھے اب بھی آپ لوگوں کی فکر ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button