یشونت سنہا 2 جولائی کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے

کے ٹی آر نے یشونت سنہا کے دورہ کے سلسلہ میں وزراء اور پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں یشونت سنہا کا شاندار خیر مقدم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔

حیدرآباد: حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا کا فقید المثال خیر مقدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابی مہم کے سلسلہ میں سنہا،2جولائی کو حیدرآباد آنے والے ہیں۔

کے ٹی آر نے یشونت سنہا کے دورہ کے سلسلہ میں وزراء اور پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں یشونت سنہا کا شاندار خیر مقدم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ صدارتی امیدوار یشونت سنہا، 2 جولائی کو10 بجے دن حیدرآباد ایر پورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ سیدھا جل وہار پہنچیں گے۔11بجے دن، وہ اپنے حامیوں سے خطاب کریں گے۔

 دریں اثنا کے ٹی آر نے آج ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ تلنگانہ کی اہمیت، عظمت جاننے کیلئے گوگل پر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عظمت کے بارے میں معلومات کے حصول کے لئے عوام کو گوگل کے پاس جانا چاہئے اور گوگل سے پوچھیں کہ ”دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگشن پراجکٹ کہاں ہے؟“ اور دنیا کا سب سے بڑا انکوبیٹر کہاں ہے؟۔

 یہ دو عظیم پراجکٹ تلنگانہ میں ہیں اور فخر کی بات یہ ہے کہ ان دونوں پراجکٹوں کو کے چندر شیکھر راؤ نے تعمیر کرایا ہے۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کے ٹی آر نے واضح انداز میں کہا کہ ہم تمام شعبہ جات میں زراعت سے لے کر آئی  ٹی میں آگے ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button