تلنگانہ

تلنگانہ عوام کو دھوکہ دینے ”6گارنٹیز“ کانیا شوشہ: ہریش راؤ

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کو ایک اور کرناٹک میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کو ایک اور کرناٹک میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں
کے سی آر کٹر ہندو: ہریش راو
ماہ صیام کا آغاز، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
بی آر ایس کے مزید 2 امیدواروں کا اعلان، سابق آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کو ٹکٹ
کانگریس میں اندرونی اختلافات دورکرنے کمیٹی تشکیل
تلنگانہ انتخابات: ووٹ دینے کے لیے آنے والے دو افراد کی موت

آج کانگریس قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت کیلئے تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 5 گارنٹیز کے نام پر کرناٹک کے عوام کو دھوکہ دیا  اور اب تلنگانہ میں 6 گارنٹیز کے نام پر دغا بازی کا منصوبہ ہے۔

ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کی بدترین حکومت کی وجہ سے وہاں کے عوام کو جہنم کی تصویر دکھائی جارہی ہے۔ وہاں کی سابق حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے فلاحی اسکیمات کو تر ک کیا جارہا ہے۔

طلبا کے لئے تعلیمی اسکالرشپس رقم کی اجرائی میں بھی کٹوتی کی جارہی ہے۔ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے فنڈس جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی اور انہیں بے یار و مدد گار چھوڑ دیا اب یہی کوشش تلنگانہ میں دہرانا چاہتی ہے۔

ہریش راو نے مزید کہا کہ کرناٹک میں 5 گارنٹیز کا اعلان کرنے والے راہول گاندھی کا کہیں آتہ پتہ نہیں ہے کرناٹک میں کانگریس حکومت بننے کے بعد راہول گاندھی نے ایک بار بھی ریاست کا دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ریاست کرناٹک مالی طور پر دیوالیہ کی نذر ہوگئی ہے۔

اب یہاں تلنگانہ کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کرناٹک کو مالی دیوالیہ کی نذر کردینے والی کانگریس کی حکومت چاہئے یا پھر تلنگانہ کے عوام کو روزانہ دیوالی منانے کے قابل بنانے والی بی آر ایس حکومت چاہئے۔

اب تلنگانہ کے عوام کو فیصلہ کرنے کا وقت آچکا ہے۔ جو کچھ کرناٹک میں ہورہا ہے اُس کو تلنگانہ میں دہرانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عوام کو غور کرنا چاہئے کہ صرف چھ ماہ میں ایسا کیا ہوگیا کہ وہاں کے عوام کانگریس سے ناراض ہو چکے ہیں۔

وہاں کے کانگریس اراکین اسمبلی خود کہہ رہے ہیں کہ وہ اسمبلی حلقوں میں جانے کے موقف میں نہیں ہیں۔ کرناٹک شدید برقی بحران سے گذر رہا ہے۔ برقی کٹوتی سے تنگ آکر 357 کسانوں نے خودکشی کرلی ہے۔ دوسری طرف تلنگانہ ہے جہاں کسان خوشحال ہیں، بی آر ایس حکومت سے مطمئن ہیں۔

ہریش راؤ نے کہا کہ آج کانگریس قائدین ایک موقع مانگ رہے ہیں پھر پانچ سال تک ہم کو ان سے ملاقات کیلئے ایک موقع مانگنے کی نوبت آجائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تلنگانہ کے عوام دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی آر ایس کو مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کا موقع فراہم کریں گے تاکہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جاسکے۔