شمالی بھارت

بجٹ کی پیشکشی کے دوران غلطی، اشوک گہلوٹ نے پچھلے بجٹ کے اقتباسات پڑھ کر سنائے

راجستھان چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے جمعہ کے روزبجٹ2023-24کے بجائے پچھلے بجٹ کے اقتباسات پڑھے جس سے ایوان میں ہنگامہ برپاہوگیا۔ چیف منسٹر نے معافی مانگی اورکہاکہ یہ ایک انسانی غلطی تھی۔

جئے پور: راجستھان چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے جمعہ کے روزبجٹ2023-24کے بجائے پچھلے بجٹ کے اقتباسات پڑھے جس سے ایوان میں ہنگامہ برپاہوگیا۔ چیف منسٹر نے معافی مانگی اورکہاکہ یہ ایک انسانی غلطی تھی۔

اپوزیشن بی جے پی نے الزام عائد کیاکہ بجٹ کا افشاء ہوگیاہے اورپیشکشی کوکسی اورتاریخ تک ملتوی کیاجائے۔ جس کے ساتھ ہی کاروائی کو دو مرتبہ ملتوی کیاگیا۔

ایوان کی کاروائی کوپہلے بجٹ کی پیشکشی کے آغاز کے چند منٹوں کے اندر نصف گھنٹہ کیلئے اورپھر15منٹ کیلئے ملتوی کیاگیا۔ پہلے التواء کے بعدایوان کی کاروائی کا جب دوبارہ آغاز ہواتو اسپیکر سی پی جوشی نے 11تا11:42بجے دن کی کاروائی کوخارج کردیا۔

انہوں نے کہاکہ جوکچھ بھی ہواوہ بدبختانہ ہے۔انسانی غلطیاں ہوتی ہیں اورانہیں درست کیاجاتاہے۔

دوسرے التوا کے بعد ایوان کی کاروائی کے آغاز پر چیف منسٹرنے کہاکہ مجھے افسوس ہورہاہے ایک اضافی صفحہ غلطی سے شامل ہوگیاتھا یہ ایک انسانی غلطی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جب وسندرا راجے چیف منسٹر تھیں تو غلط اعدادوشمارپیش کئے گئے تھے اورانہیں بھی درست کیاگیاتھا۔