تلنگانہ

جمپنا واگو میں بہہ گئے5 افراد کی لاشیں دستیاب، 8 افراد کی تلاش جاری

ریاست تلنگانہ میں بہہ گئے 5 افراد کی لاشیں جمعہ کے روز دستیاب ہوئی ہیں جبکہ دیگر 8 افراد کی تلاش جاری ہے۔ ضلع ملگ کے ایٹو ناگا رام منڈل میں جمعرات کے روز جمپنا واگو میں 8 افراد بہہ گئے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں بہہ گئے 5 افراد کی لاشیں جمعہ کے روز دستیاب ہوئی ہیں جبکہ دیگر 8 افراد کی تلاش جاری ہے۔ ضلع ملگ کے ایٹو ناگا رام منڈل میں جمعرات کے روز جمپنا واگو میں 8 افراد بہہ گئے۔

تاڑوائی منڈل کے میڈارام کے قریب4 لاشیں ملی ہیں جبکہ ایک شخص کی لاش جو بہہ کر کھمم تک چلی گئی تھی، آج دستیاب ہوئی ہے۔

مونیروندی میں بہہ جانے والے ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔ این ڈی آر ایف، ورنگل کے تین نوجوانوں کی تلاش کررہی ہے جو جمعرات سے لاپتہ بتائے گئے ہیں۔

یہ تینوں میوزیکل گارڈن کے قریب مچھلی کے شکار کیلئے گئے ہوئے تھے مگر واپس گھر نہیں پہونچے۔ افراد خاندان نے عہدیداروں کو اس بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

ضلع میں شدید بارش سے کم وبیش 100 سے زائد مواضعات زیر آب آگئے ہیں۔ جبکہ ورنگل اور ہنمکنڈہ کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ سڑکیں بہہ جانے سے بیسوں مواضعات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

ایس ڈی آر ایف، اور مقامی پولیس کی مدد سے این ڈی آر ایف نے مورنچہ پلی (ضلع جئے شنکر بھوپال پلی) سے1900 افراد کو ریسکیو کیا ہے۔ این ڈی آر ایف نے مونیر وندی میں پھنسے 7 افراد کو بھی بچالیا۔

چیف سکریٹری اے شانتا کماری نے بتایا کہ108 مواضعات کے10,696 افراد کو محفوظ مقامات منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھوپال پلی کے موضع مورنچہ پلی کے600 اور ضلع پداپلی میں منتھنی کے قریب گولہ پور میں ایک ریت کی کان پر پھنسے19 ورکرس کو بچالیا گیا اور انہیں محفوظ مقام منتقل کردیا گیا۔ دریں اثنا ورنگل اور ہنمکنڈہ کی200 کے قریب کالونیاں ہنوز پانی سے محصور ہیں۔