تلنگانہ اور آندھراپردیش میں گرمی کی شدت میں اضافہ

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنا خیال رکھیں اور ناگزیر ہونے پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔عادل آباد ضلع میں دن کا کام مکمل کرنے کے بعد کسان دن میں 11بجے ہی گھروں کو واپس ہورہے ہیں۔

حیدرآباد: دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش میں گرمی کی شدت میں روزبروز اضافہ ہوتاجارہا ہے۔محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ تلنگانہ کے کئی مقامات کے علاوہ آندھراپردیش کے رائل سیما کے بعض مقامات اور ساحلی آندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔

تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر‘ کھمم اورنظام آباد میں دن کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔بعض اضلاع میں تو درجہ حرارت 42ڈگری سلسیس درج کیاجارہا ہے۔عوام گرمی کی شدت اور دھوپ کی تپش کی وجہ سے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔

 شمالی تلنگانہ کے اضلاع جیسے عادل آباد،نظام آباد، راماگنڈم، بھدرادری کوتہ گوڑم،محبوب نگر میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔ اگرچہ کہ مئی کے ماہ میں درجہ حرارت 40ڈگری سلسیس سے تجاوز کرجاتا ہے تاہم شمالی ہند سے آرہی گرم ہواوں نے صورتحال کو مزید بدتر کردیاہے اور اس کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنا خیال رکھیں اور ناگزیر ہونے پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔عادل آباد ضلع میں دن کا کام مکمل کرنے کے بعد کسان دن میں 11بجے ہی گھروں کو واپس ہورہے ہیں۔منچریال ضلع میں اوپن کاسٹ مائن میں کانکنی دھوپ میں شدت کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے۔عادل آباد ضلع میں محکمہ صحت کے حکام نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ مزید احتیاط کریں۔

تبصرہ کریں

Back to top button