مضامین

سال 2023 تلنگانہ کے بے روزگار اُمیدواروں کے لیے اُمید کی کرن

محمد محبوب

سال 2023 نہ صرف ریاست تلنگانہ بلکہ قومی سطح پر حکومت اور عوام کے لیے آزمائشی ہوگا۔ امسال تلنگانہ کے بشمول ملک کی 9 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات بھی ہیں۔ جبکہ اگلے سال یعنی 2024 میں قومی سطح پر پارلیمانی انتخابات منعقد ہوں گے، جس کی تیاری اور رائے دہندوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے حکومتوں کے لیے یہ سال انتہائی اہم ہوگا اور ریاست تلنگانہ میں گویا بے روزگار اُمیدواروں کے لیے یہ سال سرکاری ملازمت کے حصول میں ایک اُمید کی کرن ثابت ہوگا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے جو اہم مقاصد تھے، ان میں ایک مقصد تلنگانہ کے بے روزگار افراد کو روزگار کی فراہمی بھی تھا۔ تاہم ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے 8 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اب ریاست تلنگانہ کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں بڑے پیمانے پر تقررات کے لیے پے در پے اعلامیے جاری ہورہے ہیں۔
حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے لیے تلنگانہ پبلک سر ویس کمیشن قائم کیا گیا ہے اور گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے درجہ چہارم کی ملازمتوں سے لے کر گزیٹیڈ آفسیرس کی جائیدادوں پر تقرارت کے جملہ 26 اعلامیے جاری کیے ہیں۔ ان 26 اعلامیوں کے ذریعہ سے تقر یباََ18 ہزار جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ پے در پے اعلامیوں کی اجرائی سے جہاں ریاست کے بے روزگار اُمیدواروں میں اُمید کی کرن نظر آرہی ہے، وہیں ایسامحسوس ہوتا ہے کہ سال 2023 بے روزگار اُمیدواروں کے لیے روزگار کا سال ہوگا۔ تاہم سرکاری ملازمت کا حصول وہ بھی اس مسابقت کے زمانے میں اتنا آسان نہیں ہے بلکہ اس زمانے میں خاص طور پر سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے فولاد کے چنے چبانے پڑتے ہیں یعنی اس انداز سے تیاری کرنا لازمی ہوتا ہے۔عام طور پر اُمیدوار سرکاری ملازمت کے لیے درخواست داخل کرتے ہیں، لیکن امتحان کے طریقہ کار، سابق میں ہوئے امتحانات کے پرچہ سوالات اور رولز آف ریزرویشن وغیرہ جیسی معلومات سے واقفیت حاصل نہیں کرتے، جس کے نتیجہ میں وہ سرکاری ملازمت حاصل نہیں کرسکتے۔ سچی لگن، جستجو اور اُمیدواروں میں خود اعتمادی دراصل کامیابی کی کلید ہوتی ہے۔ مسابقتی امتحانات کے اُمیدواروں کے لیے احساس ِ کمتری، مایوسی اور خوف ِسم قاتل کی طرح ہوتی ہے بلکہ اُمیدواروں کو خود اعتمادی کے ساتھ امتحان تحریر کرنا ہوتاہے۔ تب کہیں جاکر کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ عام طور پر اُمیدوار اعلامیہ کی اجرائی کے وقت فارم کے ادخال کے مرحلہ میں آخری تاریخ دریافت کرتے ہیں نتیجہ میں وہ ہر جگہ آخر میں ہی رہتے ہیں اور جو طبقات کے اُمیدواروں کو روزگار میں تحفظات حاصل ہیں ان اُمیدواروں کو بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تحفظات پر تکیہ کیے بناء عام زُمر ے میں ملازمت کے حصول کے لیے کوشش کریں۔ فارم کے ادخال سے قبل لازمی طور پر اعلامیہ میں شامل ہدایات کو غور سے پڑھیں اور اس کے مطابق ہی فارم داخل کریں۔ کئی اُ میدوار تیاری اچھی کرکے امتحان میں منتخب ہوجاتے ہیں، لیکن ان کا تقرر نہیں ہو پا تا، کیوں کہ جب اسناد کی تنقیح کی جاتی ہے تب وہ فارم کے ادخال کے وقت کی گئی معمولی معمولی تکنیکی غلطیوں کے سبب ملازمت سے ہاتھ دھوبیٹھتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مسابقتی امتحانات تحریر کرنے والے اُ میدوار لازمی طور پر چوکنا رہیں اور یاد رکھیں کہ اگر تقرر طلب ایک بھی جائیداد ہو تو اس پر میراہی تقرر ہوگا۔ اس عزم اور حو صلے کے ساتھ اُ میدواروں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنی چاہیے۔
تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے سال2022 کے اختتامی دن تک جملہ26اعلامیے جاری کیے گئے ہیں۔ ابھی جمعہ کے دن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ 2 کے بشمول اسٹاف نرس کی جائیدادوں کے لیے ایک ہی دن میں دو اعلامیہ اور ہفتہ کو 4 اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بے روزگار اُمیدواروں میں مسرت کی لہر دوڑادی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی تشکیل کے ان 8 سالوں کے دوران تقریباََ ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں کے لیے اعلامیہ جاری کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال یکم اپریل 2022 سے 31 دسمبر 2022 تک ریاست تلنگانہ کے مختلف سرکاری محکموں میں مخلوعہ جائیدادوں پر راست تقررات کے لیے حکومت کی جانب سے 26 اعلامیہ جاری کیے گئے ہیں، جس کے تحت تقریباً َ18263 جائیدادوں پر تقررات ہوں گے، جن میں گروپ 1 کی 503 جائیدادیں، گروپ 2 کی 783 جائیدادیں، گروپ 3 کی 1365 جائیدادیں اور گروپ 4 کی 9168 جائیدادیں قابل ذکر ہیں۔ ان تمام جائیدادوں کے لیے کسی بھی یونیورسٹی سے گریجو یٹ (ڈگری) کامیاب اُمیدوار اہل ہیں۔ گروپ کے امتحانات کے لیے ریاست بھر میں تقریباً10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کے امکانات ہیں۔ گروپ 4 امتحانات میں بھی جملہ دو پرچے ہوں گے،جن میں پہلا پرچہ جنرل اسٹڈیز اور دوسرا پرچہ عام معلومات کے جملہ 11 مضامین پر مشتمل ہوگا۔ جن میں حا لات حا ضرہ، تلنگانہ کی تاریخ، جغرافیہ، معیشت اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اسکیمات اور تلنگانہ تحریک سے ریاست بننے تک کے مختلف مراحل سے متعلق معلومات کا اُمیدواروں کوہونا لازمی ہے۔گروپ 4 کے تحت ریاست کے 99 محکمہ جات میں مخلوعہ 9 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ گروپس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے اُ میدوار کئی دنوں سے تیاری کررہے ہیں اور کوچنگ بھی لے رہے ہیں۔ ان گروپس کے امتحانوں کے لیے ڈگری کسی بھی گروپ سے کامیاب اُمیدوار اہل ہوتے ہیں۔ اس لیے اس میں سخت مسابقت ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے اس امتحان کے لیے معیاری تیاری کر نے والے اُمیدوار ہی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گز یٹیڈ ملازمتوں کے لیے جو اعلامیے جاری کیے گئے ہیں، ان میں اہم اعلامیہ ریاست تلنگانہ کے 404 سرکاری جونیر کالجس میں مخلوعہ جونیر لکچررس کی 1392 جائیدداوں کا اعلامیہ اور ریاست کے پالی ٹیکنک کالجوں میں مخلوعہ لکچررس کی 247 جائیدادوں کا اعلامیہ، فوڈ سیفٹی آفیسرس کی 24 جائیدادیں، اہم ہیں۔ ان میں بھی جونیر کالجس میں تقررات کا اعلامیہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ جاری کیا گیا ہے۔ متحدہ ریاست آندھر اپردیش میں سال 2008 میں جونیر کالجس میں تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ اس اعتبار سے تقر یباََ 14سالوں بعد جونیر کالجس میں تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے لیے لاکھوں اُمیدوار درخواست فارم داخل کریں گے۔ پہلا موقع ہے کہ کسی گز یٹیڈ آفیسر کی جائیداد کے لیے صرف تحر یری امتحان میں حاصل کردہ نشانات (میر ٹ) کی بنیاد پر راست تقررات ہوں گے۔ اس مرتبہ زبانی امتحان (انٹر ویو) کو برخاست کیا گیا ہے۔ جبکہ سابق میں جونیر لکچرر کے لیے 450 نشانات کا تحریری امتحان ہوتا تھا اور 50 نشانات کا زبانی امتحان (انٹر ویو) ہو تا تھا، جس کی وجہ سے امیدواروں کے تقرر میں عدم شفافیت کا شبہ رہتا تھا۔ اب چونکہ حکومت نے انٹرویو کے مرحلے کو برخاست کردیا ہے تو اس امتحان میں بھی زبردست مسابقت کا سامنا ہوگا۔ اس کے علاوہ محکمہ بہبودیِ اطفال و خواتین میں مخلوعہ 23 جائیدادیں، آئی سی ڈی ایس گر یڈ 1 سوپروائزر کی 181 جائیدادیں، گر یڈ 2 سُوپروائزرس کی 53 جائیدادیں، فاریسٹ کالجس میں لکچرر کی 27 جائیدادیں اس کے علاوہ محکمہ عمارات و شوارع میں انجینئرنگ اسسٹنٹ کی 1540 جائیدادیں، محکمہ آبپاشی میں گزیٹیڈ کی 32 جائیدادیں اور نان گزیٹیڈ کی 25 جائیدادیں، محکمہ نشہ بندی میں سب انسپکٹر کی 18 جا ئیدادیں۔ محکمہ افزایش ِمو یشیاں میں وی اے ایس کی 185جائیدادیں، باغبانی محکمہ میں مخلوعہ 22 جائیدادیں، اور ہاسٹل ویلفیر کی 581 جائیدادیں، ریاست تلنگانہ کے محکمہ اسکولی تعلیم میں مخلوعہ فزیکل ڈائریکٹر کی 128 جائیدادیں اور محکمہ زراعت میں مخلوعہ زرعی آفیسر کی 148 جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ پے در پے جاری کیے گئے ہیں۔ 31 / دسمبر کو بھی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے ڈگری کالجس میں مخلوعہ لکچررس وفزیکل ڈائریکٹرس کی 544 جائیدادوں، محکمہ فنی تعلیم میں مخلوعہ 71 جائیدادوں،محکمہ بلدی نظم و نسق میں مخلوعہ 78 جائیدادوں اور محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کا رپوریشن میں مخلوعہ 113 جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیے جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں سوائے گروپ 1 کی جائیدداوں کے تمام جائیدادوں پر تقرارت کے مرحلے کا ابھی آغاز بھی نہیں ہوا ہے۔ جبکہ گروپ 1 کی جائیدادوں کا اعلامیہ جاری ہوا ہے اور امتحان بھی ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ اس ماہ کے دوسرے ہفتہ تک ریاست کے اقامتی اسکولس کی 6 سوسائٹیوں ٹرائبل ویلفیر، سوشل ویلفیر، بی سی ویلفیر، میناریٹی ویلفیر اقامتی اسکولس و جونیئر کالجس میں مخلوعہ 9256 تد ریسی وغیر تد ریسی عملہ کی جائیدادوں کا اعلامیہ بھی جاری ہوگا۔ مذکورہ جائیدادوں کو محکمہ فینانس کی منظوری مل چکی ہے۔تلنگانہ ریزیڈینشل ایجوکیشن انسٹیٹیوشن بورڈ (ٹرائب) کے تحت تقررات کیے جائیں گے۔ان مخلوعہ جائیدادوں میں جیوتی با پھولے،بی سی ویلفیر میں 3673 جائیدادیں، سوشل ویلفیر میں 2143 جائیدادیں، ٹرائبل ویلفیر میں 1440، تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالجس میں 1318 جائیدادیں، ٹرایس سوسائٹی میں 93 جائیدادیں اور، معذورین بہبودی سوسائٹی میں 43 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔اسی طرح طویل عرصہ کے بعد ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجس اور یو نیورسٹیز میں پرو فیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیدادوں پر تقرر کے لیے درکار اہلیت کا حامل امتحان سیٹ کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس طرح تلنگانہ کے بے روزگار اُ میدواروں کے لیے سال2023 سرکاری ملازمتوں کا سال ہوگا۔ ان 26 اعلامیوں کے منجملہ تقریباً تمام اعلامیوں کے لیے اہل اُ میدوار فو ری درخواستیں داخل کر یں اور تیاری کا آغاز کر دیں۔
اُمیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسابقتی امتحان کی تیاری بالکل مسابقتی انداز میں کریں تاکہ تقرر کی راہ ہموار ہوسکے۔نوجوانوں خاص طور پر وہ نو جوان جو اُ ردو میڈیم سے تعلیم یافتہ ہیں، ان کے لیے ایک مسئلہ تلگو زبان میں عدم مہارت بھی ہے، کیوں کہ تقر یباََ مطالعاتی مواد تلگو زبان میں وافر مقدار میں دستیاب ہے، لیکن اُردو میڈیم کے طلباء کے لیے تلگو شجر ممنوعہ کی طرح ہے۔ انگر یزی اور اُردو میں بھی مواد دستیاب ہے، لیکن وہ وافر مقدار میں نہیں ہے۔جو نیر لکچررس اور دیگر گر یڈ 1کی جا ئیدادوں کے سوا تمام مسا بقتی امتحانات کے پرچہ سوالات تلگو،انگر یزی زبان کے ساتھ ساتھ حکومت نے اُردو زبان میں بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور درخواست فارم کے ادخال کے وقت ہی اُ میدوار پرچہ سوالات کونسی زبان میں چاہیے، اس کو منتخب کرلیں۔ اُردو میڈیم کے طلباء کے لیے پرچہ سوالات کے اُ ردو میں آنے سے انہیں خاطر خواہ فا ئدہ ہوگا۔ چونکہ اُردو میڈیم کے طلباء پرچہ سوالات انگر یزی اور تلگو میں آنے سے سوالات کو مناسب انداز میں سمجھ نہیں پا تے۔ ترجمہ کر بھی لیں تو بسا اوقات اصطلاحات میں غلطی کی وجہ سے غلط جواب کو ٹک لگا دیتے ہیں،جس کی وجہ سے وہ رینک حاصل کر نے سے محروم رہ جا تے ہیں۔بہر حال سرکاری ملازمت کے امتحانات میں عام معلومات، حا لات ِ حا ضرہ، ذہنی ورزش اور منطقی سوالات عام ہیں۔ ان میں مہارت ملازمت کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔ ٭٭