ایشیاء

چینی صدر شی جنپنگ کو ریکارڈ تیسری پنچسالہ میعاد

5 سال میں ایک مرتبہ ہونے والا کانگریس کا ایک ہفتہ طویل اجلاس اختتام پذیر ہوا جو 250 ریگولر سنٹرل کمیٹی ارکان اور 171 متبادل ارکان کو منتخب کرنے کے لئے منعقد ہوا تھا۔

بیجنگ: صدر چین شی جنپنگ کو تیسری 5 سالہ میعاد ملنا طئے ہے جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔ وہ  چین کی برسراقتدار کمیونسٹ پارٹی کی طاقتور سنٹرل کمیٹی کے لئے ہفتہ کے دن منتخب ہوئے۔ کئی سرکردہ قائدین پیچھے رہ گئے۔

 5 سال میں ایک مرتبہ ہونے والا کانگریس کا ایک ہفتہ طویل اجلاس اختتام پذیر ہوا جو 250  ریگولر سنٹرل کمیٹی ارکان اور 171 متبادل ارکان کو منتخب کرنے کے لئے منعقد ہوا تھا۔ 69 سالہ شی جنپنگ سنٹرل کمیٹی کے لئے منتخب ہوئے جس کی میٹنگ اتوار کے دن ہوگی۔

اس میں 25 رکنی پولٹیکل بیورو کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ یہ بیورو ملک کو چلانے کی اسٹانڈنگ کمیٹی کے 7 یا 8  ارکان کو منتخب کرے گا۔ اسٹانڈنگ کمیٹی‘ جنرل سکریٹری کا انتخاب کرے گی جو پارٹی اور ملک کی قیادت کرتا ہے۔ شی جنپنگ کا جنرل سکریٹری منتخب ہونا طئے ہے۔

 وہ ریکارڈ تیسری میعاد کے لئے (غالباً تاحیات) سکریٹری منتخب ہوں گے۔ اقتدار پر ان کی گرفت مزید مضبوط ہوگئی ہے۔ شی جنپنگ کی 10 سالہ میعاد جاریہ سال مکمل ہورہی ہے۔ برسراقتدار کمیونسٹ پارٹی کانگریس کے اختتامی اجلاس میں ہفتہ کے دن ڈرامائی مناظر دیکھے گئے۔

 سابق صدر ہوجنتاؤ کو میڈیا کی موجودگی میں پوڈیم سے باہر لے جایا گیا۔ 79 سالہ ہوجنتاؤ پہلی صف میں صدر شی جنپنگ کے بازو بیٹھے ہوئے تھے کہ 2  افراد نے جو سیکوریٹی گارڈس لگ رہے تھے انہیں میٹنگ سے باہر جانے کو کہا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی اور غیرملکی میڈیا‘ اجلاس کے کوریج کے لئے موجود تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک منٹ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوجنتاؤ میٹنگ ہال سے جانے میں پس و پیش کررہے ہیں لیکن سیکوریٹی والے ان پر مسلسل زور دے رہے ہیں کہ انہیں جانا ہی ہوگا۔ ہوجنتاؤ نے 2012 میں آسانی سے شی جنپنگ کو اقتدار منتقل کردیا تھا۔

 کمزور دکھائی دینے والے سابق صدر کے ہاتھ میں کاغذات تھے۔ وہ سیکوریٹی والوں سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کے قریب موجود دیگر قائدین اس سے لاتعلق دکھائی دے رہے تھے۔

ان کے چہروں پر کوئی تاثر نہیں تھا۔ آخر میں جب ہوجنتاؤ ہال سے جانے لگے تو انہیں شی جنپنگ سے کچھ کہتے دیکھا گیا جس کے جواب میں شی جنپنگ نے اپنا سر ہلایا۔ بعدازاں طویل فاصلہ طئے کرکے ہوجنتاؤ اکزٹ ڈور تک پہنچے۔ 2 سیکوریٹی گارڈس ان کے ساتھ تھے۔

انہیں ہال سے کیوں جانا پڑا یا انہیں کیوں نکالا گیا اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ ہوجنتاؤ نے کمیونسٹ پارٹی کانگریس کی نہ صرف ابتدائی تقریب میں شرکت کی تھی بلکہ وہ سارے اجلاس میں موجود رہے۔ کمیونسٹ پارٹی کی ساری میٹنگس خفیہ ہوتی ہیں اور آج جو واقعہ پیش آیا وہ شاید ہی کبھی پش آیا ہو۔